رسائی کے لنکس

امریکیوں کا جمہوریت کی کارکردگی پر عدم اطمینان، سروے


فائل فوٹو: امریکی دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی میں کانگریس کی عمارت
فائل فوٹو: امریکی دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی میں کانگریس کی عمارت

امریکہ میں ہر دس میں سے صرف ایک بالغ شہری کہتا ہے کہ ملک میں جمہوریت بہترین کام کر رہی ہے اور وہ لوگوں کے مفادات کی اچھی نمائندگی کرتی ہے۔

خبر رساں ادارے "ایسو سی ایٹد پریس" اور تحقیقی ادارے "نارک سنٹر فار پبلک افیئرز ریسرچ" کے تازہ ترین سروے میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ بالغ امریکیوں کی اکثریت کا کہنا ہے کہ معیشت اور حکومتی اخراجات سے لے کر گنز پالیسی، امیگریشن اور اسقاط حمل جیسے اہم معاملات میں امریکی قوانین اور پالیسیاں زیادہ تر امریکیوں کی خواہش کی نمائندگی کرنے میں ناکام رہی ہیں۔

تقریباً 53 فی صد لوگوں کا کہنا ہے کہ جمہوری اقدار کو برقرار رکھنے میں کانگریس کی کارکردگی بری رہی ہے۔اس رائے کے مقابلے میں صرف 16 فی صد لوگ کہتے ہیں کہ کانگریس اچھا کام کر رہی ہے۔

اے پی کے مطابق یہ نتائج بڑے پیمانے پر امریکیوں کی سیاسی بیگانگی کی عکاسی کرتے ہیں کیوں کہ سیاسی طور پر منقسم ملک ابھی کرونا وبا کے اثرات سے باہر نکل رہا ہے جب کہ مہنگائی اور کساد بازاری کے خدشات معیشت کی بحالی کو دوچار کیے ہوئے ہیں۔

سروے میں کیے گئے انٹرویوز میں جواب دہندگان جمہوریت کی مشینری کے بارے میں کم فکر مند نظر آئے۔ لوگ ووٹنگ کے قوانین اور بیلٹ کی ترتیب کے مقابلے میں نظام کے نتائج کے بارے میں زیادہ فکر مند پائے گئے۔

جائزے کے نتائج ظاہر کرتے ہیں کہ مجموعی طور پر تقریباً نصف ( 49فی صد) امریکی کہتے ہیں کہ ملک میں جمہوریت ٹھیک کام نہیں کر رہی ہے۔اس کے مقابلے میں 10 فی صد لوگ کہتے ہیں کہ یہ بہت یا بہت اچھی طرح سے کام کر رہی ہے جب کہ 40 فی صد کے نزدیک ملک میں جمہوریت کسی حد تک ٹھیک ہے ۔

ری پبلکن پارٹی میں صدر ٹرمپ کا مستقبل کیا ہو گا؟
please wait

No media source currently available

0:00 0:04:52 0:00

تقریباً نصف لوگوں کا یہ بھی کہنا ہے کہ ہر سیاسی جماعت جمہوریت کو برقرار رکھنے کے سلسلے میں برا کام کر رہی ہے۔ان میں 47 فی صد لوگ ڈیموکریٹس کے بارے میں یہ رائے رکھتے ہیں اور56 فی صد ری پبلکنز کے بارے میں یہ سوچ رکھتے ہیں۔

سروے بتاتا ہے کہ امریکیوں کی اکثریت ،71 فی صد، سوچتی ہے کہ قوانین اور پالیسیاں بنانے میں لوگوں کی ترجیحات کو انتہائی اہم ہونا چاہیے۔تاہم صرف 48 فی صد سمجھتے ہیں کہ عملی طور پر ایسا ہوتا ہے۔

اس رپورٹ کے لیے معلومات خبر رساں ادارے ' ایسوسی ایٹڈ پریس سے لی گئی ہیں۔

XS
SM
MD
LG