رسائی کے لنکس

کراچی میں سجا ’ستار کنسرٹ‘، امریکی فنکار سے محفل بے خود


امریکہ کی یونیورسٹی آف ٹیکساس، آسٹن کے وزٹنگ پروفیسر ڈاکٹر اسٹیفن سلیوک بھی انہی فنکاروں میں سے ایک ہیں، جنہوں نے مغربی دنیا میں رہنے کے باوجود، مشرقی سروں سے پیار کیا اور ستار کے ذریعے اس پیار کو دنیا بھر میں پھیلایا

سِتار ۔۔جنوبی ایشیاء، خاص کر ہندوستانی موسیقی کا، بہت ہی جانا پہچانا ساز ہے۔ اور، چونکہ بھارتی و پاکستانی میوزک کی جڑیں ایک ہی ثقافت سے پھوٹی ہیں، لہذا، پاکستان میں بھی ستار کے کمالات سے کسی کو انکار نہیں۔ لیکن، اگر اسی ستار کے سر۔۔۔کسی مغربی فنکار کی دسترس میں محسوس ہونے لگے، تو بیشک، فن کی معراج کا گمان ہوتا ہے۔

امریکہ کی یونیورسٹی آف ٹیکساس، آسٹن کے وزٹنگ پروفیسر ڈاکٹر اسٹیفن سلیوک بھی انہی فنکاروں میں سے ایک ہیں، جنہوں نے مغربی دنیا میں رہنے کے باوجود مشرقی سروں سے پیار کیا اور ستار کے ذریعے اس پیار کو دنیا بھر میں پھیلایا۔

کراچی کے رہائشیوں کی ایک خوش قسمتی یہ بھی ہے کہ انہیں ’نیشنل اکیڈمی آف پرفارمنگ آرٹس(ناپا)‘ جیسا ادارہ ملا جو ہر طرح کے حالات میں بھی فنون لطیفہ کی شمعیں روشن کرتا رہا ہے۔

یہ ناپا کی ہی انتھک محنتوں کا ثمر ہے کہ جمعرات کو یہاں پروفیسر ڈاکٹر اسٹیفن سلیوک اور پاکستان کے مایہ ناز ستارنواز اور ناپا کے فیکلٹی ممبر، نفیس احمد نے ایک ساتھ پرفارم کرکے حاضرین کو اپنے فن کے سحر میں کچھ اس طرح جکڑا کہ لوگ مدتوں ”ستار کنسرٹ “ کو بھو ل نہیں پائیں گے۔

دونوں نے موسیقی کے وہ سر بکھیرے کہ سننے والے دم بخود ہوگئے ۔ ڈاکٹر سلیوک نے راگ کروانی کی تانیں چھیڑیں تو سماں بندھتا چلا گیا۔ ڈاکٹر سیلوک کا کہنا تھا کہ اس راگ کو مقبول عام بنانے کا سہرا ان کے استاد، پنڈت روی شنکر کے سر ہے۔

پنڈت روی شنکر بھارتی موسیقی اور ستار نوازی میں’سند‘ کی حیثیت رکھتے ہیں۔ اس’ فنکار گرو‘ کے اعتراف فن کے لئے شاید کئی کتابیں بھی کم ہوں۔

ڈاکٹرسلیوک کے الاپ اور ستارنوازی میں ان کے’گرو‘ کا رنگ نمایاں تھا، جبکہ استاد بشیر خان نے ڈاکٹر سلیوک کی روح کو چھو لینے والی موسیقی کی تانوں میں طبلے پر سنگت دی۔

ادھر نفیس احمد نے جب راگ جے جے ونتی سے اپنی پرفارمنس کا آغاز کیا تو سارا ہال گویا اس کے اتار چڑھاوٴ میں کھو سا گیا اور لمحے بھر کے لئے بھی کسی کو وقت گزرنے کا احساس تک نہ ہوا۔

دو یکسر مختلف پس منظر رکھنے والے فن کے ماہر ستار و طبلہ نوازوں کا پہلی بار ایک ساتھ پرفارم کرنا ایک مختلف اور نہایت خوبصورت کوشش تھی۔ خاص کر، راگ ایمن میں دونوں ستار نوازوں نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا، تو پوری محفل جھوم اٹھی۔

XS
SM
MD
LG