رسائی کے لنکس

گریمی ایوارڈز: بلی آئلش پانچ ایوارڈ جیتنے میں کامیاب


بلی آئلش گریمی ایوارڈز کے ہمراہ
بلی آئلش گریمی ایوارڈز کے ہمراہ

گریمی ایوارڈز کا 62 واں میلہ نوجوان گلوکارہ بلی آئلش کے نام رہا۔ انہوں نے ٹاپ فور سمیت پانچ ایوارڈز اپنے نام کیے۔

برطانوی خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق امریکہ کے شہر لاس اینجلس کے اسٹیپلز سینٹر میں اتوار اور پیر کی درمیانی شب گریمی ایوارڈز کی تقریب ہوئی۔

تقریب میں بلی آئلش کا میگا ہٹ 'بیڈ گائے' سال کا بہترین گانا قرار پایا جب کہ وہ بہترین البم، سال کے بہترین گانے، بہترین آرٹسٹ اور ریکارڈ آف دی ایئر سمیت پانچ ایوارڈز جیتنے میں کامیاب رہیں۔

ان کا پاپ میوزک البم 'وین وی آل فال اسلیپ، ویئر ڈو وی گو؟' نے امریکی سنگر ٹیلر سوئفٹ کے البم 'لوور' کو بھی مقبولیت کی دوڑ میں پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

بلی آئلش صرف 18 سال کی ہیں اور موسیقی کی دنیا میں نسبتاً نئی لیکن ابھرتی ہوئی گلوکارہ ہیں۔

تقریب میں بلی کے بھائی فینیاس کو سال کا بہترین غیر کلاسیکی پروڈیوسر قرار دیا گیا۔

'گریمی ایورڈز' جیتنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے بلی کا نہایت پرجوش انداز میں کہنا تھا کہ "زبردست! بہت سے دیگر سنگر اس ایوارڈز کو جیتنے کے خواہش مند تھے لیکن میں ان کے مقابلے میں قسمت والی رہی کہ گریمی جیت سکی۔"

بلی آئلش کے مقابلے میں نئی سنگرز لیزو اور لل ناس ایکس کو بھی سال کے بہترین گانے کے لیے نامزد کیا گیا تھا مگر ایلی یہ ایوارڈ لے اڑیں۔

بلی، لیزو اور لل ناس ایکس کے درمیان 'سال کی بہترین البم'، 'سال کے بہترین ابھرتا ہوئے گلوکار' اور 'سال کا بہترین ریکارڈ قائم کرنے والے گانے' کی کیٹگریز میں سخت مقابلہ تھا۔

اس وجہ سے گریمی ایوارڈز کی تقریب ساڑھے تین گھنٹے طویل ہوگئی اور آخر میں قرعہ بلی کے نام نکلا۔

لیزو نے آٹھ نامزدگیوں میں سے تین میں کامیابی حاصل کی جن میں 'کوز آئی لو یو' کے لیے 'بہترین اربن کنٹمپریری البم' اور 'ٹروتھ ہٹز' کے لیے 'ٹاپ سولو پرفارمنس' کیٹیگری کے ایوارڈز شامل ہیں۔

تقریب میں مختلف گلوکار پرفارمنس میں مشغول
تقریب میں مختلف گلوکار پرفارمنس میں مشغول

'ٹروتھ ہٹز' سنگر بیونسے، آریانا گرینڈے اور ٹیلرز سوئفٹ کی پرفارمنس کو پیچھے چھوڑنے میں کامیاب رہا۔

تیسرے فریق ریپر لل ناس ایکس کے وائرل کنکشن سانگ 'اولڈ ہاؤس روڈ' نے گریمی جیتا۔ اس گانے پر کئی غیر ملکی فن کاروں اور سنگرز نے بھی گریمی ایوارڈز کی تقریب میں پرفارم کیا۔

آریانا گرینڈے نے گریمی کے لیے نامزد اپنی ہٹ بریک اپ البم کے گانوں 'تھینک یو نیکسٹ'، 'سیون رنگز' اور 'امیجن' پر پرفارم کر کے سب کے دلوں کو گرما دیا۔

گزشتہ برس ریپر نیپسے ہسل 'راکس ان دی مڈل' پر پرفارم کر کے ٹاپ پرفارمنس ایوارڈ حاصل کرنے میں کامیاب رہے تھے۔ اس تقریب میں ان کی یادگار پرفارمنس پر جان لیجنڈ، ڈی جے خالد اور ریپر میک مل نے انہیں خراجِ تحسین پیش کیا۔

بلیک سیلٹن اور ان کے منگیتر گوئن اسٹیفنی نے نئے رومینٹک ڈیوٹ 'نو بڈی بٹ یو' پر پہلی مرتبہ پرفارم کیا جب کہ کمیلا کبیلو نے اپنے حالیہ سنگل فرسٹ گانا پیش کیا اور نم آنکھوں کے ساتھ اپنے والد کے نام کیا۔

گریمی کی تقریب کا ایک انداز
گریمی کی تقریب کا ایک انداز

لوٹو نے 2018 میں زائد از مقدار دوا سے بیمار ہونے کے بعد اپنی پہلی پرفارمنس کے لیے ایوارڈ جیتنے پر اسٹیڈنگ ایویشن پائی۔ صحت ہونے کے بعد یہ ان کی پہلی بڑی کامیابی ہے۔

گریمی ایوارڈز کی تقریب جہاں نہایت پر کشش تھی وہیں اس میں باسکٹ بال اسٹار کوبے برائنٹ کی اچانک موت کا غم بھی غالب رہا۔ تقریب کو ان ہی کے نام کیا گیا جب کہ تقریب بھی ان کے گھر رکھی گئی جس کا نام 'اسٹیپلز سینٹر' ہے۔

گریمی کی میزبان ایلیسیا کیز نے تقریب کے آغاز پر کہا کہ "ہم ٹوٹے ہوئے دل کے ساتھ اس محفل میں جمع ہیں۔ اس سینٹر کو دراصل کوبے برائنٹ نے بہت محبت سے تعمیر کرایا تھا۔ ہم نے کبھی خواب میں یہ نہیں سوچا تھا کہ ایک دن اور ایسے موقع پر، اس طرح کی تقریب منعقد کرنا پڑے گی۔"

گریمی ایوارڈز جیتنے والے افراد کا انتخاب ریکارڈنگ اکیڈمی کے اراکین کرتے ہیں لیکن اس کے سابق سربراہ ڈی بورا ڈوگن کے اکیڈمی چھوڑنے پر یہ تنازعات کا شکار ہے۔ ڈوگن پر نامزدگی کے مرحلے میں طرفداری کا الزام عائد کیا گیا تھا تاہم اکیڈمی ان الزامات کی تردید کرتی رہی ہے۔

XS
SM
MD
LG