شاہ محمود قریشی نے سائفر کیس کا فیصلہ چیلنج کر دیا
سابق وزیرِ خارجہ اور تحریکِ انصاف کے نائب چیئرمین شاہ محمود قریشی نے سائفر کیس کا فیصلہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیا۔
شاہ محمود قریشی نے ہائی کورٹ سے اپیل کی ہے کہ آفیشل سیکریٹ ایکٹ کے تحت قائم خصوصی عدالت کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے۔
آفیشل سیکریٹ ایکٹ کی خصوصی عدالت نے 30 جنوری کو شاہ محمود قریشی کو دس سال قید کی سزا کا حکم سنایا تھا۔
تحریک انصاف اور جماعت اسلامی کے درمیان رابطے بحال
- By ضیاء الرحمن
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سردار لطیف کھوسہ نے جماعت اسلامی کی قیادت سے رابطہ کیا ہے۔
جماعتِ اسلامی کے ترجمان قیصر شریف کے مطابق سردار لطیف کھوسہ نے نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا ہے۔
ترجمان کے مطابق لطیف کھوسہ کا کہنا تھا کہ اشتراک عمل پر امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا مؤقف اصولی ہے۔ ہم سمجھتے ہیں کہ اشتراکِ عمل صرف خیبرپختونخوا کی سطح پر نہیں بلکہ وفاقی سطح پر بھی کیا جانا چاہیے۔
نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ کا کہنا ہے کہ سیاسی جماعتوں میں مذاکرات کا راستہ ہمیشہ کھلا رہتا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز جماعتِ اسلامی نے یہ کہہ کر تحریکِ انصاف سے راہیں جدا کر لی تھیں کہ پی ٹی آئی نے ان سے صرف خیبر پختونخوا میں نہیں بلکہ وفاق کی سطح پر ساتھ چلنے کی بات کی تھی۔
آٹھ فروری کے انتخابات کالعدم قرار دینے کی درخواست سماعت کے لیے مقرر
سپریم کورٹ نے آٹھ فروری کے انتخابات کالعدم قرار دینے کی درخواست سماعت کے لیے مقرر کر دی ہے۔
چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں تین رکنی بینچ 19 فروری کو درخواست پر سماعت کرے گا۔
بینچ میں جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس مسرت ہلالی شامل ہیں۔
شہری کی جانب سے دائر درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ انتخابات کی شفافیت پر کئی سیاسی جماعتوں نے سوالات اٹھائے ہیں اس لیے آٹھ فروری کو ہونے والے انتخابات کالعدم قرار دیے جائیں۔
عمران خان کی سزاؤں کے خلاف اپیلیں دائر
سابق وزیرِ اعظم اور پاکستان تحریکِ انصاف کے بانی عمران خان کی تین مقدمات میں سزاؤں کے خلاف اسلام آباد کی دو مختلف عدالتوں میں اپیلیں دائر کر دی گئی ہیں۔
رہنما تحریکِ انصاف سردار لطیف کھوسہ نے جمعے کو صحافیوں سے بات کرتے ہوئے بتایا ہے کہ عمران خان کے خلاف سائفر اور توشہ خانہ کیس میں سزا کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں اپیلیں دائر کی ہیں جب کہ عدت کیس کی اپیل سیشن کورٹ میں دائر کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ عمران خان کو عام انتخابات سے چند روز قبل تینوں مقدمات میں مجموعی طور پر 31 برس قید کی سزا سنائی گئی تھی۔