آٹھ فروری کے انتخابات کالعدم قرار دینے کی درخواست سماعت کے لیے مقرر
سپریم کورٹ نے آٹھ فروری کے انتخابات کالعدم قرار دینے کی درخواست سماعت کے لیے مقرر کر دی ہے۔
چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں تین رکنی بینچ 19 فروری کو درخواست پر سماعت کرے گا۔
بینچ میں جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس مسرت ہلالی شامل ہیں۔
شہری کی جانب سے دائر درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ انتخابات کی شفافیت پر کئی سیاسی جماعتوں نے سوالات اٹھائے ہیں اس لیے آٹھ فروری کو ہونے والے انتخابات کالعدم قرار دیے جائیں۔
عمران خان کی سزاؤں کے خلاف اپیلیں دائر
سابق وزیرِ اعظم اور پاکستان تحریکِ انصاف کے بانی عمران خان کی تین مقدمات میں سزاؤں کے خلاف اسلام آباد کی دو مختلف عدالتوں میں اپیلیں دائر کر دی گئی ہیں۔
رہنما تحریکِ انصاف سردار لطیف کھوسہ نے جمعے کو صحافیوں سے بات کرتے ہوئے بتایا ہے کہ عمران خان کے خلاف سائفر اور توشہ خانہ کیس میں سزا کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں اپیلیں دائر کی ہیں جب کہ عدت کیس کی اپیل سیشن کورٹ میں دائر کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ عمران خان کو عام انتخابات سے چند روز قبل تینوں مقدمات میں مجموعی طور پر 31 برس قید کی سزا سنائی گئی تھی۔
تحریکِ انصاف حکومت سازی کے لیے ایک اور یو ٹرن لے گی: خواجہ سعد رفیق
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ تحریکِ انصاف وفاق میں حکومت سازی کے لیے مولانا فضل الرحمن کے بعد بہت جلد آصف زرداری کے درِ دولت پر حاضری دے کر ایک اور یو ٹرن لے گی۔
خواجہ آصف نے جمعے کو سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر ایک بیان میں کہا کہ تحریکِ انصاف نے سیاسی برادری پر پے در پے حملے کرنے کے بجاۓ مکالمہ کیاہوتا تو آج کا دن نہ آتا۔
مسلم لیگ (ن) کے رہنما نے الزام عائد کیا کہ سیاسی بگاڑ اور رسہ کشی کے سب سے بڑے بینیفشری اور ذمہ دار خود عمران خان ہیں۔