رسائی کے لنکس

کیف پر روسی میزائل حملہ، ریڈیو فری یورپ/ریڈیو لبرٹی کی نامہ نگار ہلاک


ویرا ہائرچ
ویرا ہائرچ

روس نے یوکرین کے دارالحکومت کی رہائشی عمارتوں پر فضائی حملہ کیا ہے، جس میں وہاں رہائش پذیر یوکرین کے لیے ریڈیو فری یورپ/ریڈیو لبرٹی کی نمائندہ، ویرا ہائرچ ہلاک ہوگئی ہیں۔

ریڈیو فری یورپ/ریڈیو لبرٹی کی یوکرینی سروس کی اطلاع کے مطابق، 29 اپریل کی علی الصبح عمارت کے ملبے سے ہائرچ کی میت برآمد ہوئی، جہاں ایک ہی رات قبل روسی میزائل گرا تھا۔ ریڈیو فری یورپ/ریڈیو لبرٹی وائس آف امریکہ سے منسلک نشریاتی ادارہ ہے۔

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل، انتونیو گئیٹرس دارالحکومت کیف کے دورے پر تھے جب 28 اپریل کو فضائی حملہ ہوا، جس میں اپارٹمنٹ بلاک بھی زد میں آ گیا۔۔

جس مقام پر میزائل لگے، ویڈیوز اور تصاویر میں دکھایا گیا ہے کہ ان عمارتوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ وہاں کھڑی کاروں کی کھڑکیاں ٹوٹ کر بکھرگئیں۔

روسی وزارت دفاع کے ترجمان، اگور کوناشنکوف نے دعویٰ کیا ہے کہ طویل فاصلے تک مار کرنے والی اور جدید میزائلوں کی مدد سے 28 اپریل کو یوکرین میں کیف کی ا یک فیکٹری کی عمارتوں کو نشانہ بنایا گیا، جہاں آرٹم راکٹ تیار کیے جاتے ہیں۔

یوکرین کے حکام نے ایسا کوئی بیان جاری نہیں کیا ، جس میں یہ بتایا گیا ہو کہ حملے میں فیکٹری کو ہدف بنا یا گیا تھا۔

کیف کے مئیر وٹالی کلٹشکو نے ٹیلی گرام پر 29 اپریل کو بتایا کہ ان حملوں میں ایک شخص ہلاک اور دس زخمی ہوئے ہیں۔ انہوں نے اس واقعے کی مزید تفصیلات فراہم نہیں کی ہیں۔

ہائرچ 1967 میں پیدا ہوئیں اور انہوں نے ریڈیو فری / ریڈیو لبرٹی کے ساتھ 2018 میں کام کرنا شروع کیا۔ اس سے پہلے وہ یوکرین کے ایک بڑے ٹیلی وژن کے لیے کام کرتی تھیں۔

XS
SM
MD
LG