منحرف اراکین میں جرات ہے تو استعفیٰ دیں: عثمان ڈار
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور وزیراعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار نے اپنی ہی جماعت کے منحرف اراکین کو کہا ہے کہ اگر ان میں اخلاقی جرات ہے تو استعفیٰ دیں اور الیکشن لڑیں۔
انہوں نے ٹوئٹر پر اپنی ایک ویڈیو کلپ شیئر جس میں وہ ایک ٹی وی پروگرام میں بیٹھے منحرف پی ٹی آئی رکن باسط بخاری کو مخاطب کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ ''جس ووٹ سے اسمبلی میں آئے ہیں وہ عمران خان کے نام پر ملا ہے۔ ضمیر کے نام پر ڈرامہ بند کریں۔''
عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ ''آپ میں اخلاقی جرات ہے تو استعفیٰ دے کر الیکشن لڑیں، عوام وہ حشر کرے گی کہ آپ یاد کریں گے۔''
تمام فیصلوں کو میری حمایت حاصل ہے: چوہدری شجاعت
پاکستان مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے ملک کی سیاسی صورتِ حال کے تناظر میں ان کے خاندان میں اختلافات کی خبروں کی تردید کردی ہے۔
چوہدری شجاعت نے اپنے ایک جاری بیان میں کہا ہے کہ ان کی سیاسی مشاورت سے تمام فیصلے ہوئے جنہیں ان کی مکمل حمایت حاصل ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کسی معاملے پر رائے کو فیصلہ سمجھ کر پراپیگنڈہ نہیں کرنا چاہیے۔
حکومت جاتے جاتے عوام کی مشکلات میں اضافہ کر رہی ہے: شیری رحمٰن
پاکستان پیپلزپارٹی کی سینیٹر شیری رحمٰن نے کہا ہے کہ حکومت جاتے جاتے بھی عوام کی مشکلات میں اضافہ کر رہی ہے۔
انہوں نے اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ حکومت کے پیدا کردہ بحران قوم کے لیے پریشانی کا باعث ہوں گے۔ ان کی بد انتظامیہ کی وجہ سے ملک میں مسلسل گیس کا بحران ہے۔
شیری رحمٰن نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ''نااہل حکومت نا سردیوں میں گیس فراہم کرسکتی ہے نا ہی گرمیوں میں۔''
علیم خان اور جہانگرین ترین گروپ کے الگ الگ اجلاس طلب
پاکستان کی بدلتی سیاسی صورتِ حال میں پاکستان تحریک انصاف کے منحرف اراکین پر مشتمل جہانگیر ترین گروپ اور علیم خان گروپ نے اپنے الگ الگ اجلاس طلب کرلیے ہیں۔
اجلاس میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتِ حال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
علیم خان گروپ کا اجلاس سہ پہر چار بجے جب کہ جہانگیر ترین گروپ کا اجلاس شام چھ بجے ہوگا۔