وزیرِ اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اپنا استعفیٰ وزیرِ اعظم کو پیش کردیا: وزیرِ مملکت برائے اطلاعات
وزیرِ مملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ وزیرِ اعلیٰ عثمان بزدار نے اپنا استعفیٰ وزیرِ اعظم کو پیش کر دیا ہے اور وزیرِ اعظم نے چوہدری پرویز الہیٰ کو پنجاب کا وزیرِ اعلی نامزد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
فرخ حبیب نے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ چوہدری پرویز الہیٰ کی وزیرِ اعظم عمران خان کے ساتھ ملاقات ہوئی ہے جس میں تمام معاملات طے ہوگئے ہیں۔
فرخ حبیب نے دعویٰ کیا کہ مسلم لیگ (ق) نے وزیرِ اعظم پر اعتماد کا اظہار کیا ہے اور حمایت کا اعلان کیا ہے۔
قومی اسمبلی میں کیا ہوا؟
قومی اسمبلی میں آج کی کارروائی کی تفصیلات بتا رہے ہیں پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر موجود ہمارے نمائندے علی فرقان اس فیس بک لائیو میں۔
عدم اعتماد کا ووٹ عمران خان کے خلاف دوں گا: طارق بشیر چیمہ
مسلم لیگ (ق) کے رہنما اور وفاقی وزیر برائے ہاؤسنگ طارق بشیر چیمہ نے اپنی وزارت سے استعفیٰ دے دیا ہے۔
پاکستان کے نجی ٹی وی چینل 'جیو نیوز' سے بات کرتے ہوئے طارق بشیر چیمہ نے کہا کہ ان کا ضمیر اجازت نہیں دے رہا کہ وہ وزیرِ اعظم عمران خان پر اعتماد کا اظہار کریں۔
انہوں نے کہا کہ وہ عدم اعتماد کا ووٹ عمران خان کے خلاف دیں گے۔ ان کے بقول وزیرِ اعظم نے بہت وقت ضائع کر دیا ہے۔
عوام پر زیادتیوں کا حصہ نہیں بنیں گے: شاہ زین بگٹی
جمہوری وطن پارٹی کے سربراہ شاہ زین بگٹی نے کہا ہے کہ انہوں نے لاپتا افراد کے حوالے سے اتفاقِ رائے پیدا کرنے کی کوشش کی ہے۔
وائس آف امریکہ کی ڈیوا سروس سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ وہ عوام کے خلاف زیادتیوں کا حصہ نہیں بنیں گے۔
واضح رہے کہ شاہ زین بگٹی ایک دن قبل ہی حکومت سے الگ ہو کر حزبِ اختلاف کا حصہ بنے ہیں اور انہوں نے وفاقی کابینہ سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا تھا۔