کہاں ہیں وہ دس لاکھ لوگ؟ خورشید شاہ کا سوال
پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سید خورشید شاہ نے تحریک انصاف کے اسلام آباد جلسے کی ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے سوال کیا ہے کہ کہاں ہیں دس لاکھ لوگ؟
یاد رہے کہ تحریک انصاف نے دعویٰ کیا تھا کہ اسلام آباد کے پریڈ گراؤنڈ میں دس لاکھ افراد جمع ہوں گے۔
پریڈ گراؤنڈ میں کارکنان کی آمد کا سلسلہ جاری ہے: پی ٹی آئی
پاکستان تحریک انصاف نے پریڈ گراؤنڈ کی ایک ویڈیو جاری کی ہے جس میں پی ٹی آئی کے کارکنان کی بڑی تعداد کو دیکھا جا سکتا ہے۔
پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ جلسہ گاہ میں کارکنان کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔
پاکستان کے عوام نے آج کپتان پر اعتماد کا اظہار کر دیا: شاہ محمود قریشی
پاکستان کے وزیرِ خارجہ اور تحریک انصاف کے نائب صدر شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان کے عوام نے آج کپتان پر اعتماد کا اظہار کر دیا ہے۔
پریڈ گراؤنڈ جلسے سے خطاب میں شاہ محمود نے کہا کہ وزیرِ اعظم عمران خان تنہا ایک طرف کھڑے ہیں اور ان کے مخالفین سب یکجا ہو گئے ہیں۔ مخالفین کا منشور، جھنڈا، نشان، منزل کچھ بھی ایک نہیں۔
ان کے بقول وزیرِ اعظم کے مخالفین صرف ان کے بغض میں ایک ساتھ ہو گئے ہیں اور وہ عمران خان کا سر جھکانے کے لیے ایک ہوئے ہیں۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ آج قوم نے فیصلہ کرنا ہے کہ ہم ضمیر نہیں بیچیں گے، سودا نہیں کریں گے اور کھڑے رہیں گے۔
شاہ محمود نے دعویٰ کیا کہ اپوزیشن نے عمران خان کو پیغام بھیجا ہے اور وہ کہتے ہیں کہ این آر او دے دو ہم عدم اعتماد واپس لے لیں گے۔ لیکن قوم فیصلہ کر چکی کہ نواز شریف اور فضل الرحمٰن کو این آر او نہیں ملے گا۔
اسلام آباد میں سیاسی گہما گہمی، شہری کیا کہتے ہیں؟