منحرف ارکان کو سزا دینا اسی طرح اہم ہے جیسے ملک کے غداروں کو دی جاتی ہے: فواد چوہدری
وفاقی وزیرِ اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ "آرٹیکل 63 اے کے تحت ریفرنس سپریم کورٹ کو یہ موقع دے رہا ہے کہ ملک میں جاری ہارس ٹریڈنگ، موقع پرستی اور کرپشن کے ڈرامے ہمیشہ کے لیے ختم ہو سکیں۔"
انہوں نے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ تحریک انصاف سے منحرف ارکان نے اپنی جماعت نہیں ملک کی پیٹھ میں خنجر گھونپا۔ انہیں سزا دینا اسی طرح اہم ہے جیسے ملک کے غداروں کو دی جاتی ہے۔
اسپیکر کا اجلاس نہ بلانا قابلِ مذمت اور غیر آئینی ہے: مسلم لیگ (ن)
حزبِ اختلاف کی سب سے بڑی جماعت پاکستان مسلم لیگ (ن) نے ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ وزیرِ اعظم پر عدم اعتماد کی تحریک کے لیے ریکوزیشن جمع ہونے کے بعد 14 دن گزر چکے ہیں، اسپیکر قومی اسمبلی کا اجلاس نہ بلانا آئین سے انحراف ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ آئین کی واحد تشریح کے باوجود اسپیکر کا 14 دن میں اجلاس نہ بلانا قابل مذمت، افسوس ناک اور سرا سر غیر آئینی ہے۔
اسلام آباد میں جلسے رکوانے کے لیے سپریم کورٹ میں درخواست پر سماعت
اسلام آباد میں 27 مارچ کو سیاسی جماعتوں کے جلسے رکوانے کے لیے سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کی درخواست پر سپریم کورٹ میں سماعت جاری ہے۔
چیف جسٹس عمر عطا بندیال بار ایسوسی ایشن کی درخواست پر سماعت کر رہے ہیں۔ کمرۂ عدالت میں مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف، پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن موجود ہیں۔
افواجِ پاکستان کے خلاف جاؤں گا نہ آپ کو جانے دوں گا: عامر لیاقت
پاکستان تحریک انصاف کے رکنِ قومی اسمبلی عامر لیاقت حسین نے کہا ہے کہ کہ وہ منگل کو وزیرِ اعظم ہاؤس جائیں گے۔ ان کے بقول "افواجِ پاکستان کے خلاف جاؤں گا نا آپ کو جانے دوں گا۔ البتہ اگر آپ نے یہی تہیہ کر لیا ہے تو ہم دونوں میں ایک قدرِ مشرک تو بہرحال ہے 'دونوں ضدی ہیں' ملتے ہیں اور قائل کرتے ہیں۔