تحریکِ انصاف کی سیاسی کمیٹی کا ہنگامی اجلاس
وزیرِ اعظم عمران خان کی زیرِ صدارت اسلام آباد میں تحریکِ انصاف کی سیاسی کمیٹی کا اجلاس ہوا ہے۔
اجلاس میں وزیرِ اعظم کے خلاف آنے والی تحریکِ عدم اعتماد کے بعد کی صورتِ حال پر مشاورت کی گئی۔
مقامی ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق اجلاس میں اسپیکر اسد قیصر، وفاقی وزیر شفقت محمود، پرویز خٹک، فواد چوہدری کے علاوہ اٹارنی جنرل خالد جاوید خان بھی شریک ہوئے۔
خیال رہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان نے بدھ کو سوات میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ سندھ ہاؤس میں ہارس ٹریڈنگ ہو رہی ہے اور نوٹوں کی بوریاں وہاں لائی جا رہی ہیں۔
سندھ ہاؤس میں تحریکِ انصاف کے 24 اراکینِ اسمبلی موجود ہیں: راجہ ریاض کا دعویٰ
حکمراں جماعت تحریکِ انصاف کے رُکن قومی اسمبلی راجہ ریاض کا کہنا ہے کہ سندھ ہاؤس میں اس وقت تحریکِ انصاف کے 24 اراکینِ قومی اسمبلی موجود ہیں۔
'جیو' نیوز کے میزبان حامد میر سے سندھ ہاؤس میں گفتگو کرتے ہوئے راجہ ریاض کا کہنا تھا کہ تحریکِ عدم اعتماد میں اپنے ضمیر کے مطابق ووٹ دیں گے۔
راجہ ریاض کا کہنا تھا کہ وہ پارلیمنٹ لاجز پر حملے کی وجہ سے سندھ ہاؤس میں موجود ہیں۔
خیال رہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں چاروں صوبوں سندھ، پنجاب، خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے اراکینِ صوبائی اسمبلی کے قیام کے لیے کمپاؤنڈ بنائے گئے ہیں۔
ان کمپاؤنڈز کی سیکیورٹی بھی متعلقہ صوبائی حکومت ہی کے ذمے ہوتی ہے۔
عمران خان سے کہا ہے کہ سندھ میں گورنر راج لگا دیں: شیخ رشید
وفاقی وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ سندھ ہاؤس میں جس طرح اراکینِ اسمبلی کی کروڑوں روپے کی بولیاں لگائی جا رہی ہیں، اس کے بعد اُنہوں نے وزیرِ اعظم کو تجویز دی ہے کہ سندھ میں گونرر راج لگا دیں۔
اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ 21 مارچ کو قومی اسمبلی کا اجلاس بلایا جا سکتا ہے جب کہ عدمِ اعتماد پر ووٹنگ 31 مارچ یا یکم اپریل کو ہو سکتی ہے۔
سندھ ہاؤس میں منحرف اراکین کی موجودگی کے سوال پر شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ اچھا ہوا یہ چہرے بے نقاب ہو گئے، یہ سب بکنے والے لوگ ہیں۔
تحریکِ انصاف آخری وقت تک مقابلہ کرے گی: اسد عمر
حکمراں جماعت تحریکِ انصاف کے رہنما اور وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کہتے ہیں کہ حکومت تحریکِ عدم اعتماد کا ڈٹ کر آخری وقت تک مقابلہ کرے گی۔
اسلام آباد میں فواد چوہدری اور حماد اظہر کے ہمراہ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے اُن کا کہنا تھا کہ سندھ سے مسلح پولیس اہل کار سندھ ہاؤس میں تعینات کیے گئے ہیں اور نوٹوں کی بوریاں وہاں موجود ہیں۔
اسد عمر کا کہنا تھا کہ وہ تحریکِ انصاف کے کارکنوں اور عوام کو پیغام دیتے ہیں کہ فکر نہ کریں کیوں کہ عمران خان آپ کو کبھی مایوس نہیں کرے گا۔
حماد اظہر کا کہنا تھا کہ حکومت کے پاس زیادہ وسائل ہوتے ہیں وہ اربوں روپے اپوزیشن اراکین کو دے کر اُن کی وفاداری خرید سکتی ہے، لیکن اقتدار کے لیے وہ کسی طرح کی سودے بازی نہیں کریں گے۔