رسائی کے لنکس

کرونا وائرس: پاکستان سپر لیگ کے سیمی فائنلز اور فائنل ملتوی


پی سی بی کے مطابق میچز کو ری شیڈول کیا جائے گا۔
پی سی بی کے مطابق میچز کو ری شیڈول کیا جائے گا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان سپر لیگ فائیو کے سیمی فائنلز اور فائنل میچ ملتوی کر دیے ہیں۔ پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر وسیم خان نے میچز ملتوی ہونے کی تصدیق کی ہے۔

لاہور میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے وسیم خان نے کہا کہ لیگ میں شامل ایک غیر ملکی کھلاڑی میں کرونا وائرس کی علامات پائی گئی تھیں۔ اُن کا کہنا تھا کہ نفع نقصان سے زیادہ انسانی زندگی کی اہمیت زیادہ ہے۔

وسیم خان کا کہنا تھا کہ سیمی فائنلز اور فائنل آئندہ پی ایس ایل سے پہلے ری شیڈول کیے جائیں گے۔

وسیم خان کا کہنا تھا کہ دُنیا بھر میں کھیلوں کے مقابلے منسوخ ہو رہے ہیں۔ بھارت، آسٹریلیا اور دیگر ملکوں میں مقابلے منسوخ کیے جا رہے ہیں۔

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں منگل کی سہہ پہر دو بجے ملتان سلطانز اور پشاور زلمی کے درمیان ایونٹ کا پہلا سیمی فائنل اور دوسرا سیمی فائنل کراچی کنگز اور لاہور قلندرز کے درمیان شام سات بجے کھیلا جانا تھا۔

ایونٹ کا فائنل بدھ کو قذافی اسٹیڈیم میں ہونا تھا۔ تاہم پی سی بی کا کہنا ہے کہ تمام میچز ملتوی کر دیے گئے ہیں۔

یاد رہے کہ لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز کی ٹیمیں پہلی مرتبہ پی ایس ایل کے سیمی فائنل مرحلے میں پہنچی تھیں جب کہ ملتان سلطانز کو ایونٹ کی سب سے مضبوط ٹیم بھی قرار دیا جا رہا تھا۔

کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے باعث شائقین کے بغیر میچز کھیلے جا رہے تھے۔

XS
SM
MD
LG