رسائی کے لنکس

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا فوری جنگ بندی کا مطالبہ


غزہ کی صورت حال پر سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس میں لڑائی میں ہلاکتوں کی تعداد میں اضافے پر بھی گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایک ہنگامی اجلاس میں غزہ کی صورت حال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے۔

سلامتی کونسل کے اراکین نے لڑائی میں ہلاکتوں کی تعداد میں اضافے پر بھی گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔

اُدھر اسرائیل فوجیوں کی غزہ میں تازہ کارروائی میں 10 مزید فلسطینی ہلاک ہو گئے جس کے بعد دو ہفتوں سے جاری لڑائی میں اب ہلاکتوں کی تعداد 500 سے زائد ہو گئی ہے۔

اسرائیل نے فضائیہ اور ٹینکوں کی مدد سے غزہ میں اتوار کی شب بمباری جاری رکھی۔

اتوار کو شجائیہ کے علاقے میں لڑائی میں کم از کم 65 فلسطینی اور 13 اسرائیلی فوجی ہلاک ہو گئے تھے۔

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون مشرق وسطیٰ میں ہیں، جہاں وہ جنگ بندی کرانے کی کوشش میں مصروف ہیں۔ اُنھوں نے اتوار کو ہونے والی خونریزی کی مذمت کرتے ہوئے لڑائی ختم کرنے پر زور دیا۔

اتوار کو ہزاروں فلسطینی شجائیہ کا علاقہ چھوڑ کر نکل گئے۔

فلسطینی محکمہ صحت کے عہدیداروں کے مطابق گزشتہ دو ہفتوں سے اسرائیل کی طرف سے غزہ کی پٹی میں بمباری سے ہلاکتوں کی تعداد 464 سے تجاوز کر گئی ہے جن میں اکثریت عام شہریوں کی ہے۔

جب کہ اسرائیل کی فوج نے کہا ہے کہ اتوار کو اُس کے 13 فوجی ہلاک ہوئے جس کے بعد اب تک کی لڑائی میں اسرائیل کے 18 فوجی اور دو شہری ہلاک ہو چکے ہیں۔

حماس کے ترجمان نے اتوار کو رات دیر گئے دعویٰ کیا کہ جنگجوؤں نے غزہ سے ایک اسرائیلی فوجی کو پکڑ لیا ہے، تاہم اس کی مزید تفصیلات نہیں بتائی گئیں۔

اقوام متحدہ میں اسرائیل کے سفارت کار ران پروسور نے اتوار کی شب بتایا کہ کسی اسرائیلی فوجی کو اغواء نہیں کیا گیا ہے۔

اُنھوں نے حماس کے مسلح دھڑے کی طرف سے غزہ کی پٹی میں ٹیلی ویژن پر دکھائے جانے والے اُس بیان کو مسترد کیا جس میں ایک اسرائیلی فوجی کو پکڑنے کا دعویٰ کیا گیا۔

حماس کے عسکریت پسندوں کی طرف سے اسرائیل پر راکٹ داغنے کا سلسلہ اتوار کو بھی جاری رہا جس کے بعد اسرائیل کی طرف سے زمینی کارروائی میں شدت آئی۔

گزشتہ دو سالوں کے دوران حماس اور اسرائیل کے درمیان یہ بدترین لڑائی ہے۔

اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ وہ حماس کے زیر استعمال سرنگوں اور اسلحے کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔

ادھر امریکہ کے صدر براک اوباما بھی کہہ چکے ہیں کہ اسرائیل اور حماس کے درمیان جاری لڑائی کو روکنے میں مدد کے لیے وہ وزیرخارجہ جان کیری کو مشرق وسطیٰ بھیجنے کے لیے تیار ہیں۔

XS
SM
MD
LG