فوج پر بالکل بھی اعتماد نہ کرنے والوں کی شرح سب سے زیادہ اسلام آباد (23 فی صد) میں ہے۔ پنجاب میں یہ شرح 15 فی صد، سندھ میں تقریباً 17 فی صد، خیبر پختونخوا میں 11 فی صد جب کہ بلوچستان میں 12 فی صد ہے۔
پاکستان میں آٹھ فروری کو ہونے والے عام انتخابات میں پانچ کروڑ سے زائد نوجوان ووٹ دینے کے اہل ہیں۔ انتخابات سے متعلق نوجوانوں کے رجحانات جاننے کے لیے وائس آف امریکہ نے ایک سروے کرایا ہے۔ اس سروے کے اہم سوالوں کو ہم یہاں کوئز کی صورت میں آپ کے لیے پیش کر رہے ہیں۔
اکثر نوجوانوں کے خیال میں پاکستان کا کوئی ادارہ بھی آٹھ فروری کو ہونے والے عام انتخابات پر اثر انداز نہیں ہوسکتا۔ لیکن جو یہ سمجھتے ہیں کہ انتخابات میں کسی ادارے کی مداخلت ممکن ہے، ان کی اکثریت کے نزدیک فوج ایسا کرسکتی ہے۔
پاکستان کے ہر پانچ میں سے تین نوجوانوں کی رائے ہے کہ سیاسی رہنما ان کے مسائل اور ترجیحات نہیں سمجھتے۔ لیکن سیاست دانوں کے بارے میں اس تاثر کے باوجود ملک کے لگ بھگ نصف نوجوانوں کا کہنا ہے کہ وہ سیاست میں دلچسپی لیتے ہیں۔
پاکستان کے ہر چار میں سے ایک نوجوان کا کہنا ہے کہ اس کے نزدیک کسی انتخابی امیدوار کی شخصیت سے زیادہ اس کی سیاسی وابستگی اہم ہے۔