پنجاب میں بیرونِ ممالک مقیم پاکستانیوں کی شکایات کے ازالے کے لیے کام کرنے والے ادارے ’پنجاب اوورسیز پاکستانیز کمیشن‘ کے مطابق بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کی طرف سے شکایات میں اضافہ ہوا ہے اور ایک سال کے دوران 6000 سے زائد درخواستیں نمٹائی گئی ہیں۔
کرونا وائرس کے دوران جہاں بیرونِ ملک آمد و رفت کے سلسلے کبھی محدود اور کبھی منقطع ہوئے، ایسے میں بیرونِ ملک مقیم ہزاروں پاکستانی ملک نہیں آ سکے۔ البتہ اسی دوران اوورسیز پاکستانیوں کی شکایات میں بھی ریکارڈ اضافہ ہوا ہے جن میں زیادہ تر جائیدادوں پر قبضے سے متعلق ہیں۔
گوجرانوالہ سمیت وسطی پنجاب کے اضلاع سے بڑی تعداد میں لوگ قانونی اور غیر قانونی طریقوں سے یورپ پہنچے اور ان افراد نے اپنے مقامی علاقوں میں عالیشان مکانات تعمیر کیے جن میں سے اکثر سال بھر خالی رہتے ہیں۔
وسطی پنجاب کے زرخیز سرسبز علاقے جہاں کبھی لہلاتے کھیت تھے وہاں اب دور تک مکانات اور ہاؤسنگ سوسائٹیاں دکھائی دیتی ہیں۔ جی ٹی روڈ پر گوجرانولہ سے لاہور یا فیصل آباد سفر کریں تو دونوں اطراف آپ کو ہاؤسنگ سوسائٹیز اور فیکڑیاں دکھائی دیتی ہیں۔ ایسا لگتا ہے ایک شہر سے ہی آپ دوسرے شہر میں داخل ہو گئے ہیں۔