’نیشنل ویدر سروس‘ کے مطابق، جمعے کے روز آنے والا یہ طوفانی نظام مغرب سے ہوتا ہوا مشرق کی جانب بڑھ رہا ہے، جو کینیڈا کے قطب شمالی سے چلنے والی ہواؤں کے نتیجے میں شدت اختیار کر چکا ہے
امریکہ کے وسط مغربی علاقے میں ہفتے کے روز برفانی طوفان آیا جس کے نتیجے میں علاقے نے برف کی سفید چادر اوڑھ لی، پروازیں منسوخ کی گئیں اور اختتام ہفتہ ریل سروس بند کردی گئی۔
محکمہٴ موسمیات نے امریکہ کے مشرقی خطے کے لیے موسم سرما کی ہنگامی حالت کا انتباہ جاری کیا ہے، جس وسیع علاقے میں 10 کروڑ لوگ آباد ہیں۔ یہ بات امریکی موسمیات کی پیش گوئی کرنے والے مرکز کے سربراہ، رچ اوٹو نے بتائی ہے۔
’نیشنل ویدر سروس‘ کے مطابق، جمعے کے روز آنے والا یہ طوفانی نظام مغرب سے ہوتا ہوا مشرق کی جانب بڑھ رہا ہے، جو کینیڈا کے قطب شمالی سے چلنے والی ہواؤں کے نتیجے میں شدت اختیار کر چکا ہے۔
شکاگو میں، جہاں کے مضافات میں آٹھ انچ برف گر چکی ہے، شہر کے دو ہوائی اڈوں پر ایک تہائی پروازیں منسوخ ہو چکی ہیں۔ یہ بات ’فلائیٹ اویئر‘ نامی ٹریکنگ ادارے کے نائب صدر، مارک ڈویل نے بتائی ہے۔
اوٹو نے بتایا کہ طوفان کی نتیجے میں ہفتے کی شام شمال مشرقی علاقے میں دو فٹ (60 سینٹی میٹر) برف باری کی پیش گوئی کی گئی ہے؛ جب کہ نیویارک اور مئین کی شمالی ریاستوں میں پیر کے روز تک برف جاری رہ سکتی ہے۔
نیو یارک سٹی میں دو انچ (پانچ سینٹی میٹر) برف کی توقع ہے۔
’نیشنل ویدر سروس‘ کے مطابق، تیز رفتار ہواؤں کے نتیجے میں امریکہ کا مشرقی ساحل شدید سردی کی لپیٹ میں رہے گا۔ مثال کے طور پر اتوار کو بوسٹن کا درجہ حرارت چھ ڈگری فائرنہائیٹ گر جائے گا۔
طوفان سے پہلے، برف جم جانے اور کچھ علاقوں میں سیلاب کے امکان کے باعث نیوجرسی اور پنسلوانیا کے گورنرو ں نے اپنی ریاستوں میں ہنگامی حالت کا اعلان کیا ہے۔
پیر کو امریکہ میں ’مارٹن لوتھر کنگ جونیئر‘ کا دن منایا جائے گا، جس مناسبت سے شہری حقوق کے راہنما کی یاد میں تعطیل ہوگی۔ ایسے میں امریکہ کا مشرقی علاقہ شدید سرد ہواؤں کی زد میں ہوگا۔
ہفتے کو ’ایم ٹریک‘ نے شکاگو سے بوسٹن، واشنگٹن ڈی سی اور نیویارک کے لیے ریل سروس منسوخ کردی، جب کہ اتوار کے روز مشرقی ساحل کے کئی روٹس پر ریل گاڑیاں بند رہیں۔