امریکہ: برفانی طوفان نے کئی ریاستوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا

امریکہ بھر میں شدید سردی کی لہر کی وجہ سے ذرائع آمدورفت بھی متاثر ہوئے ہیں۔ برفباری کے باعث گاڑیوں کے ٹکرانے کے باعث سینکڑوں حادثات درج کیے گئے ہیں جبکہ امریکہ بھر میں تقریباً 700 ہوائی پروازیں منسوخ کرنا پڑی ہیں۔
ماہرین ِ موسمیات کے مطابق امریکہ کی کئی ریاستیں شدید سردی اور برفباری کی لپیٹ میں ہیں اور ان ریاستوں میں برف کا یہ طوفان توقع سے بہت پہلے دیکھنے کو مل رہا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ گو کہ سردی کا موسم شروع ہو چکا ہے مگر امریکہ میں عموماً دسمبر کے اوائل میں برف دیکھنے کو نہیں ملتی۔

امریکہ شدید سردی کی لپیٹ میں ہے اور اس سرد موسم کی سختی کی وجہ سے امریکہ کے کئی علاقے نہ صرف بجلی سے محروم ہو گئے بلکہ بہت سی پروازیں بھی منسوخ کرنا پڑیں جبکہ سخت سردی کی وجہ سے امریکہ میں کئی افراد کی ہلاکت کی بھی اطلاع ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ امریکہ کی ریاستیں مانٹانا اور شمالی ڈیکوٹا شدید برفباری کی زد میں رہیں۔ ان ریاستوں میں برفیلی ہوائیں چلتی رہیں اور درجہ ِ حرارت صفر ڈگری سینٹی گریڈ سے نیچے گر گیا۔

ہفتے کے روز امریکہ کی نسبتاً گرم ریاستوں ٹیکساس، آرکنساس اور آکلوہوما میں بھی درجہ ِ حرارت صفر ڈگری سینٹی گریڈ سے نیچے گر گیا۔

برفباری کی وجہ سے بجلی کی ترسیل کے نظام کو بھی شدید نقصان پہنچا اور کئی علاقے اندھیرے میں ڈوب گئے۔

امریکہ بھر میں شدید سردی کے باعث مختلف حادثات میں امریکہ میں دس افراد کی ہلاکت کی اطلاع ہے۔

موسم کی یہ سختی امریکہ کی ریاست نیواڈا کے شہر لاس ویگس تک بھی پہنچ گئی جہاں موسم عموماً گرم رہتا ہے۔ ماہرین ِ موسمیات کے مطابق ممکن ہے کہ اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران لاس ویگس میں برف باری بھی ہو جو کہ ایک انہونی ہوگی۔

امریکہ بھر میں شدید سردی کی لہر کی وجہ سے ذرائع آمدورفت بھی شدید متاثر ہوئے ہیں۔ برفباری کے باعث گاڑیوں کے آپس میں ٹکرانے کے باعث سینکڑوں حادثات درج کیے گئے ہیں جبکہ امریکہ بھر میں تقریباً 700 ہوائی پروازیں منسوخ کرنا پڑی ہیں۔

امریکہ کی مشرقی ریاستوں میں جن میں واشنگٹن، فلیڈلفیا، نیویارک اور نیوجرسی شامل ہیں، تاحال برفباری کی لپیٹ میں ہیں۔

ماہرین ِ موسمیات کی پیشن گوئی کے مطابق ان ریاستوں میں پیر کے روز بھی موسم شدید سرد رہے گا اور درجہ ِ حرارت نقطہ ِ انجماد سے نیچے گر جانے کا امکان ہے۔