افغانستان میں امریکی فوج کے قیام میں توسیع

صدر براک اوباما نے افغانستان میں تعینات امریکی فوج کے آئندہ سال طے شدہ انخلا کو ملتوی کرتے ہوئے فوجی دستوں کے قیام میں توسیع کا اعلان کیا ہے۔

صدر اوباما نے کہا کہ ترمیم شدہ منصوبے کے تحت 2016ء کے اختتامی مہینوں تک افغانستان میں امریکی فوجیوں کی موجودہ تعداد 9،800 کو برقرار رکھا جائے گا۔

افغانستان میں تعینات امریکی فوجیوں کے قیام میں توسیع کی تجویز پر کئی ماہ سے غور ہو رہا تھا۔

 امریکی فوج کا کہنا ہے کہ ملک میں طالبان کی بڑھتی ہوئی کارروائیوں کی وجہ سے افغان فوج کو مدد کی ضرورت پڑ سکتی ہے۔

ابتدائی منصوبے کے تحت 2016ء کے آخر تک امریکی سفارتخانے کے عملے کے محافظین کے علاوہ تمام امریکی فوجیوں کو افغانستان سے واپس آنا تھا۔

 اس وقت 9800 امریکی فوجی افغان فوجیوں کی تربیت اور معاونت کے لیے افغانستان میں موجود ہیں۔

صدر کا کہنا تھا کہ امریکہ افغانستان سے کیے گئے وعدوں پر قائم ہے اور افغان افواج کو مدد فراہم کرتا رہے گا۔

امریکی حکام کے مطابق یہ فوجی افغانستان میں چار مقامات، کابل، بگرام، جلال آباد اور قندھار میں تعینات رہیں گے۔