صدر ٹرمپ اور خاتون اوّل میلانیا ٹرمپ نے آگرہ میں قائم تاج محل کا دورہ کیا اور مغلیہ فن تعمیر کی تعریف بھی کی۔
تاج محل کئی صدیوں سے محبت کی نشانی تصور کیے جانے کے ساتھ ساتھ بھارت کے دورے پر آئے ہوئے تمام غیر ملکی حکمرانوں کی دلچسپی کا مرکز رہا ہے۔ بہت کم حکمراں ایسے ہوں گے جنہوں نے تاج محل کا دورہ نہ کیا ہو۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور خاتون اوّل میلانیا نے بھی وہاں تصاویر اتروائیں۔
صدر ٹرمپ اپنی اہلیہ اور وزیرِ اعظم نریندر مودی کے ہمراہ بھارت کے بانی رہنما موہن داس کرم چند گاندھی کی رہائش گاہ ' گاندھی آشرم' پہنچے اور وہاں رکھی گئی مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات قلم بند کیے۔
گاندھی آشرم کے دورے کے موقع پر وزیرِ اعظم نریندر مودی نے وہاں موجود ایک چرخے سے متعلق تفصیلات سے صدر ٹرمپ اور خاتونِ اوّل میلانیا ٹرمپ کو آگاہ کیا۔ بھارت کی آزادی کے ہیرو 'گاندھی' کا چرغے پر سوت یعنی روئی کاتنا معمول تھا۔ سادگی کو عام کرنے کی غرض سے انہوں نے زندگی بھر کھدر سے بنے سوتی کپڑے پہنے جنہیں حرفِ عام میں کھادی ملبوسات کہا جاتا ہے۔ اس دور میں کھادی کا کپڑا بننے کے لیے چرغا چلانا روایات میں شامل تھا۔
صدر ٹرمپ اور میلانیا ٹرمپ نے تاج محل کا دورہ کرنے والے مہمانوں کی کتاب میں بھی اپنے تاثرات تحریر کیے۔
احمد آباد کے سردار پٹیل اسٹیڈیم میں صدر ٹرمپ کے اعزاز میں خصوصی تقریب 'نمستے ٹرمپ ' سجائی گئی جس میں بھارتی دعوؤں کے مطابق ایک لاکھ افراد نے شرکت کی اور صدر ٹرمپ کا خطاب سنا۔ انہوں نے عوام کے پرجوش استقبال پر خوشی کا اظہار کیا اور ان کا شکریہ بھی ادا کیا۔
’نمستے ٹرمپ' تقریب میں صدر ٹرمپ کی صاحبزادی ایوانکا ٹرمپ اور ان کے شوہر جیریڈ کشنر بھی شریک تھے۔
سردار پٹیل اسٹیڈیم میں 'نمستے ٹرمپ' تقریب کے دوران بھارتی عوام نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حق میں نعرے لگائے اور ہاتھ ہلا کر اُن کا استقبال کیا۔
سردار ولبھ بھائی پٹیل انٹرنیشنل ایئر پورٹ احمد آباد پر صدر ٹرمپ کا روایتی و ثفافتی انداز میں استقبال کیا گیا۔ اس موقع پر استقبال کرنے والی خواتین نے ریاست گجرات کا ثقافتی لباس زیب تن کیا ہوا تھا۔
صدر ٹرمپ کا آگرہ ایئرپورٹ پر بھی پر جوش استقبال کیا گیا۔ استقبالی شرکا نے اس موقع پر ریاست کے روایتی انداز میں لوگ گیت گائے اور رقص کیا جس پر صدر نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے تالیاں بجائیں۔
مہمانوں کی کتاب میں صدر ٹرمپ نے جن تاثرات کا اظہار کیا ان میں صدر نے وزیرِ اعظم نریندر مودی کو عظیم دوست قرار دیا۔ اپنے تاثرات میں انہوں نے وزیرِ اعظم کا شکریہ ادا کیا اور اپنے دورۂ بھارت کو 'شاندار' قرار دیا۔