ایک دس سالہ برطانوی لڑکے کا 'آئی کیو' آئن اسٹائن اور بل گیٹس سے دو پوائنٹس زیادہ ہے۔
لنکاشائر سے تعلق رکھنے والے آہل جوہر کالنگل نے 'مینسا آئی کیو ٹیسٹ' میں اب تک کا سب سے زیادہ اسکور حاصل کیا ہے، جس کے بعد وہ دنیا کے ذہین ترین افراد کی انجمن مینسا کے نئے کم عمر رکن بن گئے ہیں۔
کوئین الزبیتھ گرامر اسکول، بلیک برن کے طالب، علم آہل جوہر نے دنیا کے معتبر اور قدیم ادارے، مینسا کے آئی کیو یا ذہانت کی پیمائش کے امتحان میں ممکنہ پوائنٹس یا 162 کا ٹاپ اسکور حاصل کیا ہے، جو دنیا کی آبادی میں سے صرف ایک فیصد لوگوں کی ذہبی سطح ہے۔
آہل کالنگل نے اپنے ٹاپ اسکور کےساتھ نظریہ اضافت کے بانی آئن اسٹائن، سائنس دان اسٹیفن ہاکنگ اور بل گیٹس کو پیچھے چھوڑ دیا ہے، جن کا آئی کیو 160 تھا۔
اپنی غیر معمولی ذہانت کی بنیاد پر، جوہر نے ذہین ترین افراد کی انجمن مینسا کی رکنیت حاصل کر لی ہے اور اب وہ دنیا کے ایک فیصد ذہین ترین افراد کے کلب کا رکن بن گیا ہے۔
جوہر نے اخبار 'ٹیلی گراف' کو بتایا کہ 'مجھے اس امتحان میں ٹاپ اسکور حاصل کرنے کی توقع نہیں تھی اور میرا خیال تھا کہ میں اوسط اسکور حاصل کرلوں گا۔'
بقول اُن کے، 'لیکن، نتیجہ اور اسکور میرے لیےحیران کن تھا، کیونکہ میں خود کو دوسرے عام بچوں جیسا ہی سمجھتا ہوں۔'
جوہر کے پسندیدہ مضامین سائنس اور ریاضی ہیں اور وہ فارغ وقت چیزوں کی ایجاد میں گزارتا ہے۔
مستقبل میں جوہر اپنے والد کی طرح ڈاکٹر بننے کے بجائے سائنس دان بننا چاہتا ہے۔ اسے ایجادات کرنا پسند ہے اور فی الحال وہ ایک چھوٹا کمپیوٹر تعمیر کر رہا ہے۔
جوہر کے والد، ڈاکٹر جوہر کالنگل اور والدہ نبیلہ نے بتایا کہ ہم نے آہل کو ساڑھے دس برس کی عمر میں آئی کیو ٹیسٹ میں بٹھانے کا فیصلہ کیا تھا۔ لیکن، جب ہمیں اس کا آئی اسکور معلوم ہوا تو یقیناً یہ نتیجہ ہمارے لیے بھی حیران کن تھا۔
والدین کا کہنا تھا کہ جوہر نےامتحان کے بعد انھیں بتایا تھا کہ ان کا ٹیسٹ زیادہ اچھا نہیں ہوا ہے اور وہ اس سے زیادہ بہتر کر سکتا تھا۔
بقول ڈاکٹر کالنگل، جیسے ہی ہمیں نتیجہ ملا ہم نےمینسا کے دفتر فون کرکے ان سے پوچھا کہ اس اسکور کا مطلب کیا ہے، جس پر ادارے نے وضاحت کی کہ جوہر نےمینسا کے ذہانت کےامتحان کا اعلی ترین اسکور حاصل کیا ہے۔
ادارے کے مطابق، ایک عام شخص کا آئی کیو لیول 70سے 100 کے درمیان ہوتا ہے اور ایسے افراد کی تعداد لگ بھگ 95 فیصد بنتی ہے، جبکہ130 آئی کیو اسکور کو بہتر خیال کیا جاتا ہے۔
مینسا کی جانب سےجن لوگوں کا آئی کیو لیول140 یا اس سے زیادہ ہے انھیں غیرمعمولی ذہین افراد کا درجہ دیا جاتا ہے۔