بابا گرونانک کا جنم دن، سکھ یاتریوں کی پاکستان آمد

سکھ یاتری بابا گرونانک کے 545 ویں جنم دن کی 3 روزہ تقریبات میں شرکت کریں گے اور پنجاب میں واقع اپنے مقدس مقامات کی زیارت سمیت وہاں مذہبی رسومات ادا کریں گے
سکھوں کے روحانی پیشوا اور سکھ مذہب کے بانی سمجھے جانے والے بابا گرونانک کے جنم دن کی تقریبات میں شرکت کرنے کیلئے سکھ یاتریوں کی پاکستان آمد شروع ہوگئی ہے۔

پاکستان کے سب سے بڑے صوبے پنجاب میں ہر سال کی طرح اس سال بھی بابا گرونانک کے جنم دن کی تقریبات میں شرکت کی غرض سے سکھ یاتری واہگہ بارڈر کے ذریعے بھارت سے پاکستان آرہے ہیں۔

جمعے کے روز سکھ یاتریوں کا قافلہ اسپیشل ٹرینوں کے ذریعے پاکستان پہنچا تو متروکہ وقف املاک بورڈ کے نمائندوں نے ان کا استقبال کیا۔ میڈیا پر نشر ہونے والی خبروں کے مطابق سکھ یاتریوں کیلئے پاکستان ریلوے کی جانب سے خصوصی ٹرینیں چلائی گئیں ہیں جن پر سیکیورٹی کیلئے کمانڈوز تعینات کئے گئے ہیں، جبکہ سکھ یاتریوں کی حفاظت کیلئے سیکیورٹی ہائی الرٹ رکھی گئی ہے۔

سکھ یاتری اپنے مذہبی پیشوا بابا گرونانک کے 545 ویں جنم دن کی 3 روزہ تقریبات میں شرکت کریں گے اور پنجاب میں واقع اپنے مقدس مقامات کی زیارت سمیت مذہبی رسومات ادا کرکے واپس بھارت روانہ ہوجائیں گے۔