قدرتی حسن سے مالامال ایوبیہ کا پائپ لائن ٹریک

اس پائپ لائن ٹریک کے ایک جانب پہاڑ ہیں تو دوسری طرف گہری کھائی ہے۔

اس ٹریک پر کہیں دھوپ، تو کہیں چھاؤں ملتی ہے۔ کئی مقامات پر سیاح خود کو بادلوں کے انتہائی قریب سے گزرتا ہوا محسوس کرتے ہیں۔

ٹریک پر چلتے ہوئے ہر جانب قدرتی حسن کے نظارے بکھرے نظر آتے ہیں۔

تر و تازگی بخشتی ہوا بھی اس ٹریک پر چلنے والوں کے ساتھ رہتی ہے۔ یہاں جنگلی حیات کا سامنا بھی ہو سکتا ہے۔

محکمۂ جنگلی حیات کے لگائے گئے بورڈز کے مطابق ایوبیہ نیشنل پارک چیتا، لال لومڑ، اُڑتی گلہری اور سُنہرے بندروں سمیت ایسے کئی جانوروں کا مسکن ہے۔

قُدرتی خوب صورتی کو برقرار رکھنے کے لیے ٹریک کو پختہ نہیں کیا گیا۔

راستہ کچا ہونے کی وجہ سے انگریز دور میں بچھائے گئے پائپ پر لگا زنگ اب بعض مقامات پر دکھائی دینے لگا ہے۔

ٹریک کے اطراف جنگل میں اخروٹ، بونی، چھاؤ، بن کھوڑ، گُل خیرہ، ہند، نیل کنٹھ اور دیار جیسے درخت اور جڑی بوٹیاں پائی جاتی ہیں۔

یہ ٹریک گزشتہ کچھ عرصے سے گلیات آنے والے سیاحوں کی ترجیحات میں شامل رہتا ہے۔

ایوبیہ اور ڈونگا گلی کے درمیان پیدل سفر کے لیے بھی یہ ٹریک استعمال ہوتا ہے۔

راستے میں آنے والے ہر منظر کو کیمرے میں محفوظ کرنے کا دل چاہتا ہے۔

اس ٹریک پر جگہ جگہ ہدایات بھی لگی ہوئی ہیں کہ اس مقام کی صفائی کا خیال رکھا جائے۔

ٹریک کے ارد گرد حال ہی میں باڑ لگا کر اسے تمام عمر کے افراد کے لیے موزوں بنا دیا گیا ہے۔

قدرتی مناظر سے محظوظ ہونے والوں کے لیے ’پائپ لائن‘ ٹریک پر سفر ایک یادگار تجربہ ثابت ہوسکتا ہے۔