سال 2022 کی کچھ تصویری جھلکیاں

جنوری میں قازقستان میں گیس کی قیمتیں دگنی کرنے کے خلاف پرتشدد مظاہرے ہوئے۔  پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے طاقت کا استعمال کیا۔

یہ فضائی منظر برازیل کے علاقے پارا ڈی مناس کے ہیں جہاں جنوری میں بارش کے بعد ڈیم بھر گیا۔

کینیا کے ایک اسکول میں ایک دلچسپ منظر دیکھنے میں آیا جب چھٹی جماعت میں پڑھنے والی ایک 98 سالہ خاتون کی ان کے ساتھی کلاس میٹ نے اسائنمنٹ میں مدد کی۔

یمن کے شہر صعدہ میں جنوری میں ایک حراستی مرکز پر فضائی حملہ ہوا جس میں مارے گئے افراد کے رشتے دار ان کی لاشیں لیجا رہے ہیں۔
 

چین میں کرونا وائرس کا پھیلاؤ  2022 میں بھی جاری رہا۔ بیجنگ میں ونٹر اولمپکس کے دوران طبی عملے نے ذاتی تحفظ کے آلات پہن کر اپنے فرائض انجام دیے۔

  فروری میں مغربی کنارے میں اسرائیلی فورسز اور فلسطینوں کی جھڑپوں کے دوران ایک خاتون اسرائیلی سیکیورٹی فورسز کے سامنے  کھڑی ہیں۔

یہ منظر کینیڈا کا ہے جہاں فروری میں ٹرک ڈرائیوروں کے احتجاج کے دوران ایک شخص خود کو برف باری سے بچانے کی کوشش کر رہا ہے۔

فروری میں ہانگ کانگ میں کرونا کی لہر بے قابو ہونے سے اسپتالوں میں جگہ کم  پڑ گئی اور مریضوں کو اسپتالوں کے باہر انتظار کرنا پڑا۔

فروری میں روس نے یوکرین پر حملہ کردیا جس پر یوکرین کی فورسز نے سخت ردِعمل دیا۔ 

سال 2022 میں دنیا کے مختلف ممالک میں موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات نظر آئے۔ آسٹریلیا کے شہر برسبین میں 2011 کے بعد بدترین سیلاب آیا اور نظام زندگی معطل ہو کر رہ گیا۔

مارچ میں اکیڈمی ایوارڈز کے دوران امریکی اداکار ول اسمتھ نے کامیڈین کرس راک کو تھپڑ دے مارا۔ جس کے بعد اگرچہ انہوں نے اپنے رویے پر معافی بھی مانگی۔ تاہم ہالی وڈ فلم اکیڈمی نے ول اسمتھ کی آسکرز میں شرکت پر 10 برس کے لیے پابندی عائد کردی۔
 

مشرقی یروشلم میں الجزیرہ کی خاتون صحافی شیریں ابوعاقلہ کے نمازِ جنازہ کے دوران اسرائیلی پولیس اہلکار شرکا کو روکنے کی کوشش کرتے ہوئے۔ شیریں ابوعاقلہ مشرقِ وسطیٰ کے تنازع کو کئی برسوں سے کورکر رہی تھیں۔ وہ مغربی کنارے میں اسرائیلی فورسز کے ایک چھاپے کے دوران گولی لگنے سے ہلاک ہوگئی تھیں۔

مئی میں تیونس میں تارکین وطن کو لے جانے والی کشتی الٹ گئی۔

صومالیہ میں شدید قحط سالی کے باعث مویشی مرنے لگے۔

سال 2022 میں سری لنکا بدترین معاشی بحران سے گزرا، جہاں حکومت مخالف مظاہروں میں شدت آئی اور لوگوں نے ایوانِ صدر و وزیرِاعظم پر قبضہ کرلیا۔ پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کا استعمال کیا۔

امریکہ میں 2022 میں گن وائلنس میں اضافہ ہوا۔ ٹیکساس کے ایک ایلی مینٹری اسکول میں فائرنگ میں کئی بچے ہلاک ہوگئے۔

یہ منظر یوکرین کا ہے جہاں ایک سپاہی کے ساتھ ایک کتا بھی موجود ہے جب کہ عقب میں روسی حملوں سے ہونے والی تباہی دیکھی جاسکتی ہے۔

جولائی میں جاپان کے سابق وزیرِاعظم شنزو آبے پر قاتلانہ حملہ کیا گیا۔ اس دوران پولیس اہلکار مبینہ حملہ آور کو پکڑنے کی کوشش کر رہا ہے۔

پانی میں کھڑی گاڑی میں آگ لگنے کا یہ منظر دیکھ کر شاید آپ کو حیرت ہو۔ لیکن یہ بھارت کے شہر احمد آباد کا ایک منظر ہے جہاں جولائی میں ہونے والی بارشوں کے دوران پانی میں پھنسنے والی گاڑی شارٹ سرکٹ کے باعث جل گئی۔

 

جولائی میں لندن میں سخت گرمی کے دوران بکنگھم پیلس کے باہر فرائض سرانجام دینے والے گارڈ کو ایک پولیس افسر پانی پلاتے ہوئے۔

فلپائن کے پہاڑی صوبے باؤکو میں جولائی میں آئے زلزلے کے دوران پہاڑ سے پتھر گرنے کا منظر۔

یہ منظر غزہ کی پٹی پر واقع علاقے خان یونس کا ہے جہاں اسرائیلی فورسز اور فلسطینیوں کے درمیان لڑائی میں ہلاک ہونے والی 10 سالہ بچی لیان الشعر کی کلاس کی بچیاں غم سے نڈھال ہیں۔

 

ستمبر میں امریکہ میں کیلی فورنیا کے جنگلات میں آگ لگنے کے واقعات بھی پیش آئے۔
 

سال 2022 میں کئی اہم شخصیات دنیا سے رخصت ہوگئیں، جن میں 96 سالہ ملکۂ الزبتھ دوم بھی تھیں۔ ان کی وفات کے بعد شہزادہ چارلس برطانیہ کے بادشاہ بن گئے۔

سال 2022 میں موسمیاتی تبدیلیوں کا بڑا اثر پاکستان پر بھی پڑا۔ ملک میں ریکارڈ بارشیں ہوئی جس سے آنے والے سیلاب نے تباہی مچادی۔ ملک کی ایک تہائی آبادی سیلاب سے متاثر ہوئی۔ لاکھوں لوگ بے گھر ہوگئے۔ فصلیں تباہ ہوگئیں جب کہ سینکڑوں افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔ اس سیلاب کو ملک کی حالیہ تاریخ کا بدترین سیلاب قرار دیا گیا۔
 

یہ منظر آسٹریلیا کے ایک ساحل کا ہے جہاں درجنوں وہیلز ساحل پر پھنس گئیں۔

ایران میں اخلاقی پولیس کی حراست میں خاتون مہسا امینی کی ہلاکت پر دنیا کے مختلف ممالک میں احتجاج ہوا۔ ترکی میں ایرانی قونصل خانے کے باہر احتجاج میں ایک خاتون اپنے بال کاٹتے ہوئے۔

یوکرین میں روسی فورسز کی شیلنگ سے زخمی ہونے والی خاتون کو ایک سیکیورٹی اہلکار طبی امداد دیتے ہوئے۔

کولمبیا میں اکتوبر میں ہوئے ایک احتجاج میں ایک خاتون پولیس اہلکاروں کو پیچھے ہٹانے کی کوشش کر رہی ہے۔ اس دوران خاتون کے ہمراہ بچہ بھی دکھائی دے رہا ہے۔

سال 2022 میں ستمبر میں ایران میں اخلاقی پولیس کی حراست میں ایک نوجوان خاتون مہسا امینی کی ہلاکت کے بعد ایران میں مظاہرے پھوٹ پڑے۔ یہ تصویر اکتوبر میں ٹوئٹر پر پوسٹ کی گئی جس میں ایک خاتون گاڑی کی چھت پر کھڑی احتجاج کر رہی ہیں جب کہ ان کے عقب میں ہزاروں لوگ مہسا امینی کے چالیسویں کے موقع پر ان کے آبائی گھر کی طرف مارچ کر رہے ہیں۔

چین کی کمیونسٹ پارٹی کی   قومی کانگریس کی تقریب کے موقع پر سابق چینی صدر ہو جن تاؤ کو باہر نکالا جا رہا ہے۔

جنوبی کوریا کے دارالحکومت سول کے ایک ضلع میں ہالووین کی تقریب کے دوران بھگدڑ مچنے سے 150 سے زیادہ افراد ہلاک ہوئے۔


 

یہ منظر ترکی کے سیاحتی شہر استنبول کی مشہور استقلال اسٹریٹ کے ہیں جہاں نومبر میں دھماکے کے بعد لوگ افراتفری میں جائے وقوع سے دور جا رہے ہیں۔

جنوبی امریکہ میں واقع ملک بولویا میں خواتین بارش کے لیے دعائیں کرتے ہوئے۔

برازیل کی ریاست پارانا میں لینڈ سلائیڈنگ کے بعد ہائی وے بلاک ہونے کا فضائی منظر۔

یہ منظر یوکرین کے دوسرے بڑے شہر خارکیف کا ہے جہاں ماہرین روسی فوج کی جانب سے استعمال ہونے والے گولوں اور میزائلوں کی باقیات کا جائزہ لے رہے ہیں۔

یہ منظر افغانستان کے دارالحکومت کابل کے ایک اسکول کا ہے، جہاں کلاس روم کبھی لڑکیوں سے بھرے ہوتے تھے وہ اب بالکل خالی ہیں۔ طالبان نے لڑکیوں کی سیکنڈری تعلیم کے بعد خواتین کو نجی و سرکاری جامعات میں جانے سے بھی روک دیا ہے۔ اسی طرح خواتین کو مختلف شعبوں میں ملازمت سے بھی روکا ہے جب کہ انہیں عوامی مقامات پر برقع پہننے کا حکم بھی دیا گیا ہے۔ افغانستان میں خواتین کے پارکس اور جمز جانے پر بھی پابندی ہے۔

2022 کھیلوں کے اعتبار سے بھی اہم رہا۔ اس برس نومبر اور دسمبر میں قطر میں فیفا فٹ بال ورلڈ کپ منعقد ہوا، جہاں 32 ٹیموں میں سے ایک ارجنٹائن نے ٹرافی اپنے نام کرنے کا اعزاز حاصل کیا۔

سال کے آخر میں یوکرین کے صدر ولودیمیر زیلنسکی نے امریکہ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے امریکی کانگریس سے خطاب کیا اور امریکی ایوان نمائندگان کی اسپیکر نینسی پلوسی اور نائب صدر کاملا ہیرس سے ملاقات کی۔