ورلڈ کپ جیتنے کی صورت میں پاکستان ٹیم کے ہر کھلاڑی کے لیے ایک لاکھ ڈالر انعام کا اعلان

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیتنے پر ہر کھلاڑی کو ایک ایک لاکھ ڈالر انعام ملے گا: چیئرمین پی سی بی محسن نقوی

کھلاڑی بغیر کسی خوف اور دباؤ کے کارکردگی دکھائیں: چیئرمین پی سی بی

پاکستان کرکٹ ٹیم کا کیمپ قذافی اسٹیڈیم میں جاری

پاکستان کی ٹیم رواں ماہ آئرلینڈ اور انگلینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلے گی۔

ویب ڈیسک ۔۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیتنے کی صورت میں ٹیم کے ہر کھلاڑی کو ایک، ایک لاکھ ڈالر انعام دینے کا اعلان کیا ہے۔

اتوار کو قذافی اسٹیڈیم میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کے اعزاز میں دیے گئے ظہرانے سے خطاب کرتے ہوئے محسن نقوی کا کہنا تھا کہ وہ اُمید کرتے ہیں پاکستان ٹیم ورلڈ کپ میں شان دار کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔

ورلڈ کپ سے قبل آئرلینڈ اور انگلینڈ کے دورے کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کا کیمپ ہفتے سے لاہور میں شروع ہوا ہے۔ پاکستان نے سیریز کے لیے 18 رُکنی اسکواڈ کا اعلان کیا ہے۔

آئرلینڈ اور انگلینڈ کے خلاف سیریز کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم ٹیم امریکہ اور ویسٹ انڈیز میں آئندہ ماہ شیڈول ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے روانہ ہو گی۔

کھلاڑیوں سے گفتگو میں چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ عوام کو پاکستان کرکٹ ٹیم سے بہت سی توقعات وابستہ ہیں اور وہ اُمید کرتے ہیں کہ ٹیم کا ہر رُکن اپنی پوری جان لڑا دے گا۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ انعامی رقم کی حیثیت ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیتنے کے مقابلے میں کچھ بھی نہیں ہو گی۔

خیال رہے کہ آل راؤنڈر عماد وسیم اور فاسٹ بالر محمد عامر کی پاکستانی اسکواڈ میں واپسی ہوئی ہے۔ پاکستان کرکٹ ٹیم پچھلے دو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ مقابلوں میں ناک آؤٹ مراحل تک پہنچنے میں کامیاب ہوئی تھی۔

سن 2021 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان نے سیمی فائنل جب کہ 2022 کے ورلڈ کپ میں پاکستان کو فائنل میں انگلینڈ کے ہاتھوں شکست ہوئی تھی۔ پاکستان نے 2009 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں کامیابی حاصل کی تھی۔