یوکرین: ’بلیک باکسز‘ برآمد

باغیوں کے رہنما، الیگزینڈر بورودائی نے اتوار کے روز بتایا کہ بلیک باکسز باغیوں کے پاس ہیں، جو ہوائی جہاز کے حادثے کی تفتیش کے بین الاقوامی ماہرین کے حوالے کیے جائیں گے

روس نواز باغیوں نےکہا ہے کہ اُنھوں نے مشرقی یوکرین کی زرعی زمینوں پر گر کر تباہ ہونے والے ملیشئن ایئرلائنز کے مسافر طیارے کے ملبے سے کلیدی ’فلائیٹ ڈیٹا‘ کے ساتھ ’بلیک باکسز‘ برآمد کر لیے ہیں۔

باغیوں کے رہنما، الیگزینڈر بورودائی نے اتوار کے روز کہا کہ یہ بکسے باغیوں کے پاس ہیں، جو ہوائی جہاز کے حادثے سے متعلق تفتیش کے بین الاقوامی ماہرین کے حوالے کیے جائیں گے۔ اِن بکسوں کو ’بلیک‘ کہا جاتا ہے، جو درحقیقت نارنجی رنگ کے ہوتے ہیں، جو کاک پٹ میں کی جانے والی گفتگو اور طیارے کی پرواز سے متعلق اطلاعات ریکارڈ کرتے ہیں۔

اِن کی مدد سے تفتیش کاروں کو معلوم ہوگا آیا جمعرات کے اس واقع کےبارے میں پائلٹوں کوکسی طیارہ شکن میزائل لگنے کا علم ہوا تھا، جس میں تمام 298 افراد ہلاک ہوئے۔

طیارہ تباہ ہونے کے مقام سے امدادی کارکنوں نے 196 لاشیں برآمد کر لی ہیں، جو باغیوں کے قبضے میں ہیں۔

اُنھوں نے لاشوں کو ٹرین کاروں کے اندر ٹھنڈا کرکے محفوظ کر لیا ہے، اور کہا ہے یہ لاشیں باغیوں کے زیر تسلط توریز کے قصبے میں رہیں گی، جو حادثے کے مقام سے 15 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے، جب تک بین الاقوامی تفتیش کار پہنچ نہیں جاتے۔

یوکرین اور علیحدگی پسند ملائیشیا کے مسافر طیارے کو طیارہ شکن میزائل سے مار گرانے کا ذمہ دار ایک دوسرے کو قرار دے رہے ہیں، جو ایمسٹرڈم سے کوالہ لمپور جار رہا تھا۔ امریکہ اور اس کے مغربی اتحادیوں کا کہنا ہے کہ یہ میزائیل مشرقی یوکرین میں باغیوں کے کنٹرول والے علاقے سے داغا گیا، جس کی فراہمی کا ذمہ دار روس کو قرار دیا ہے۔


امریکی وزیر خارجہ جان کیری نےاتوار کو ’ این بی سی‘ کے ’میٹ دی پریس‘ پروگرام میں بتایا کہ طیارے کےتباہی کے واقعے میں امریکہ نے روس کے ملوث ہونے کا کوئی حتمی نتیجہ اخذ نہیں کیا، تاہم کہا، کہ روس کے خلاف کافی شواہد موجود ہیں۔

کیری کے بقول، یہ واضح ہے کہ روس علیحدگی پسندوں کی حمایت کرتا ہے، علیحدگی پسندوں کو ہتھیاروںٕ کی رسد فراہم کرتا ہے، علیحدگی پسندوں کی حوصلہ افزائی کرتا ہے، علیحدگی پسندوں کی تربیت کرتا ہے اور ضرورت اس بات کی ہے کہ روس آگے بڑھ کر مدد کرے۔

اُنھوں نے کہا کہ اُنھیں امید ہے کہ مسافر طیارے کو پیش آنے والے المئے کے تناظر میں، یوکرین میں کارروائیاں کرنے پر یورپ کی طرف سے روس کے خلاف مزید تعزیرات لاگو کرنے کے خیال کو مدد ملے گی، جہاں یوکرین کی افواج روس نواز علیحدگی پسندوں سے مشرقی محاذ پر قبضے کے حصول کی کوششیں کر رہی ہیں۔

اتوار کو فرانس، برطانیہ اور جرمنی نے متنبہ کیا کہ اگر روس تفتیش کاروں کو جہاز تباہ ہونے کے مقام تک باغیوں کو رسائی دینے پر مجبور نہیں کرتا تو روس کے خلاف مزید معاشی تعزیرات لگائی جائیں گی۔ باغیوں نے ابھی تک مختصر وقت کے لیے محدود رسائی کی اجازت دی ہے۔