قازقستان میں مسافر طیارہ اڑان کے فوری بعد گر کر تباہ
وسطی ایشیائی ملک کے شہر الماتی کے قریب مسافر طیارہ اڑان کے کچھ دیر بعد گر کر تباہ ہوا۔
حادثے کے شکار ہونے والے طیارے میں 98 افراد سوار تھے۔
طیارے کا انتظام سنبھالنے کے لیے عملے کے پانچ افراد فرائض انجام دے رہے تھے۔
قازق سول ایوی ایشن کے مطابق بیک ایئر کا مسافر طیارہ جمعے کی صبح دارالحکومت نور سلطان جا رہا تھا جب حادثے کا شکار ہوا۔
حکام نے حادثے کے بعد فوری طور پر 15 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی۔
حکام کے مطابق طیارہ اڑان بھرتے ہی توازن برقرار نہ رکھ سکا اور قریب واقع عمارت سے ٹکرا گیا۔
حادثے میں زخمی ہونے والے 63 مسافروں کو اسپتال منتقل کیا گیا۔
حادثے کے مقام پر امدادی رضا کاروں سمیت متعدد اداروں کے اہلکار پہنچے اور امدادی کاموں کا آغاز کیا۔
رپورٹس کے مطابق شدید سردی کی وجہ سے طیارہ آتش زدگی سے محفوظ رہا۔
طیارہ حادثے میں ایک خستہ عمارت سے ٹکرایا جس سے بلڈنگ بھی تباہ ہو گئی۔
سرد موسم اور برف کے باعث امدادی کاموں میں رضاکاروں کو مشکل کا سامنا کرنا پڑا۔