دھماکے کے مقام سے کچھ فاصلے پر امریکی سفارت خانے اور نیٹو کے صدر دفتر کے علاوہ کئی اہم عمارتیں موجود ہیں اور یہ انتہائی حساس علاقہ سمجھا جاتا ہے۔
ششدرک نامی اس علاقے میں افغانستان کی سکیورٹی ایجنسیوں کے بھی دفاتر ہیں۔
دھماکہ ایک کار سوار خودکش حملہ آور نے کیا جب اس نے ایک مرکزی سڑک پر کار کو دھماکے سے اڑا دیا۔
دھماکے سے قریب کھڑی 12 گاڑیاں تباہ ہوگئیں۔ قریبی عمارتوں اور دکانوں کو بھی نقصان پہنچا۔
افغانستان کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان نصرت رحیمی کے مطابق دھماکے میں 10 افراد ہلاک جب کہ 42 افراد زخمی ہوئے ہیں جنہیں اسپتالوں میں طبّی امداد دی جا رہی ہے۔
ترجمان وزارتِ داخلہ کے مطابق دھماکے سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ ششدرک کی چیک پوسٹ کو نشانہ بنانے کی کوشش تھی۔
طالبان نے دھماکے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے غیر ملکیوں کی تین گاڑیوں کو نشانہ بنایا ہے۔
ہہ حملہ ایسے موقع پر کیا گیا ہے جب افغانستان میں طویل جنگ کے خاتمے کے لیے امریکہ اور طالبان ممکنہ معاہدے کے قریب پہنچ چکے ہیں۔