انڈونیشیا: جنگلات میں آگ لگنے سے فضائی آلودگی میں اضافہ

انڈونیشیا کے جزیرے بورنیو اور سماترا کے جنگلات میں آگ بھڑکنے کے بعد گہرے دھویں کے بادلوں نے کئی علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔

جنگلات میں لگی آگ سے فضائی آلودگی میں اضافہ ہو گیا ہے جو بیماریاں پھیلانے کا سبب بن سکتی ہے۔

فضائی آلودگی سے انڈونیشیا کا پڑوسی ملک ملائیشیا بھی متاثر ہوا ہے۔ ملائیشیا کے دارالحکومت کوالالمپور میں بھی گہرے دھویں کے بادل چھائے ہوئے ہیں۔

گہرے دھویں اور غبار سے تقریباً 17 لاکھ افراد متاثر ہوئے ہیں۔

زہریلے دھویں کے باعث انڈونیشیا اور ملائیشیا کے متعدد علاقوں کی فضا آلودہ قرار دی گئی ہے۔

ملائیشیا میں آلودگی بڑھنے کے سبب حکام نے 2500 اسکولوں کو بند کرنے کا حکم دیا ہے جس میں دارالحکومت کوالالمپور کے 300 اسکول بھی شامل ہیں۔

انڈونیشیا کے صرف ایک ضلع میں 800 اسکول بند کیے گئے ہیں جب کہ بورنیو جزیرے کے مرکزی صوبے کالیمانٹن میں 1300 اسکول بند کیے گئے ہیں۔

انڈونیشیا نے اپنے ہزاروں سکیورٹی اہلکاروں اور کئی پانی برسانے والے جہازوں کو آگ بجھانے کی ڈیوٹی پر مامور کیا ہوا ہے۔

جنگلات میں آگ لگنے کے بڑھتے واقعات کے باعث گلوبل وارمنگ میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔ خدشہ ہے کہ مستقبل میں ایسے واقعات میں اضافہ ہو سکتا ہے۔