جاپان کے ساحلی علاقے کماموتو میں ہونے والی تباہ کن بارش سے رہائشی علاقوں میں تباہی ہوئی ہے۔
طغیانی کے سبب بزرگوں کے علاج کی غرض سے قائم ایک نرسنگ ہاؤس بھی بہہ گیا جس کے تنیجے میں 14 افراد کی ہلاکت کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
ملک کے کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہے۔ کئی شہروں کا آپس میں مواصلاتی رابطہ بھی منقطع ہے۔
مغربی جاپان میں اس بار ریکارڈ بارش ہوئی ہے جس سے سیلابی صورتِ حال کا سامنا ہے۔ جب کہ بڑے پیمانے پر مٹی کے تودے گرنے کی بھی اطلاعات ہیں۔
موسم کی پیش گوئی کے سبب امدادی اداروں نے سیکیورٹی فورسز کی مدد کئی علاقوں سے آبادی کو پہلے ہی محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا تھا۔
فوج، کوسٹ گارڈ اور ریسکیو اداروں کے 10 ہزار سے زائد رضا کار امدادی کاموں میں حصہ لے رہے ہیں۔
بحالی کے دیگر کاموں کے ساتھ ساتھ شہریوں کو بھی سیلاب سے متاثرہ علاقوں سے نکال کر محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے۔
جنوبی جاپان میں سیلاب کا اصل سبب دریائے کوما ہے جس میں بہت زیادہ بارش کے سبب طغیانی ہے۔ اس کا پانی اطراف کے رہائشی علاقوں میں داخل ہونے سے تباہی ہوئی۔
امدادی کارکن اور سرکاری اہلکار رہائشی علاقوں میں پھنسے ہوئے لوگوں کی تلاش میں سرگرداں ہے۔ بیشتر افراد کو گھروں سے نکالا جا چکا ہے جب کہ باقی رہ جانے والے افراد کی محفوظ مقامات پر منتقلی کا کام جاری ہے۔
شدید بارش کے بعد تباہ کن سیلاب کے سبب کئی عمارتوں کو نقصان پہنچا جب کہ کمزور عمارتیں یا لکڑی کی کے بنے گھر پانی میں بہہ گئے۔
سیلابی پانی سے متعدد پلوں کو بھی نقصان پہنچا ہے جب کہ کئی سڑکیں بھی پانی میں بہہ گئی ہیں۔