گوانتانامو بے: تصویروں کے آئینے میں

گوانتانامو نیول بیس: اس بیس کو قائم ہوئے 120 سال ہونے والے ہیں۔ یہ فوجی اڈا 1903میں قائم کیا گیا تھا۔ایک معاہدے کے تحت امریکہ نے یہ جگہ چار ہزار ڈالرز سالانہ پر کیوبا سے کرائے پر حاصل کی ہے۔

نارتھ ایسٹ گیٹ گوانتانامو بے کیوبا: نارتھ ایسٹ گیٹ گوانتانامو بے بحری اڈے کو کیوبا سے جدا کرتا ہے۔یہاں فوجی اہلکاروں کے سوا کسی کو جانے کی اجازت نہیں۔

کورٹ ون : ملٹری کمیشن کے مقدمات کی سنوائی پہلے یہیں ہوا کرتی تھی جو اعلیٰ سطح کی خفیہ سماعت کہلاتی تھی۔ کورٹ ٹو کی تعمیر کے بعد یہ عمارت خالی کر دی گئی۔ اب یہ ملٹری کمیشن کا آفس ہے۔

کیمپ جسٹس: یہ گوانتانامو بے نیول بیس کا وہ حصہ ہے جہاں کورٹ ٹو قائم ہے۔ یہاں گوانتانامو ملٹری کمیشن کے مقدمات کی سماعت کے لیے عدالت لگتی ہے۔ یہاں صحافیوں کو ایک قلم اور کاغذ کے علاوہ کچھ ساتھ لے جانے کی اجازت نہیں ہوتی ۔اندر جانے کے لیے سخت سکیورٹی کے مرحلے سے گزرنا پڑتا ہے اور کوئی بھی اس سے مستثنیٰ نہیں۔ اس کے بلکل پیچھے حراستی مرکز ہے جس کی تصویر لینے کی اجازت نہیں۔

کیکٹس: یہ پودا گوانتانامو نیول بیس میں ہرجگہ دکھائی دیتا ہے۔ یہ کیکٹس کی ایک بڑی قسم ہے۔

ٹینٹس: یہ ٹینٹس میڈیا، این جی اوز اور سول سوسائٹی کے نمائندوں کے لیے مخصوص ہیں۔ ایک ٹینٹ کے اندر چھ کمرے ہیں۔ اس میں ہر طرح کی سہولت اور ضرورت کا سامان موجود ہے۔ یہاں ایسے 70 ٹینٹ ہیں جہاں باہر سے آنے والے لوگ عارضی قیام کرتے ہیں۔

شاور ٹینٹ: یہاں خواتین اور مردوں کے لیے علیحدہ علیحدہ باتھ رومز بنے ہیں۔ ایک ٹینٹ کے اندر کم از کم چھ باتھ روم ہیں۔

ایگوانا یا چھپکلی کی ایک بڑی قسم: ان کی مختلف قسمیں ہوتی ہیں جو بڑی تعداد میں سڑکوں کے کنارے پائی جاتی ہیں جبکہ اژدھے ملنا بھی یہاں معمول کی بات ہے۔

شاپنگ: فوجی اڈا ہونے کی وجہ سے گوانتانامو میں کہیں بھی خریداری پر ٹیکس نہیں۔ ویسے تو یہاں کھانے پینے کی اشیا خریدنے کے لیے زیادہ مقامات نہیں ہیں لیکن کمیسری ایک بڑا شاپنگ مال ہے۔