چین، بھارت اور بنگلہ دیش میں بارشیں و سیلاب
بنگلہ دیش کے شمال مشرقی علاقے شدید بارش کے باعث سیلاب کا شکار ہوئے ہیں۔ سیلاب سے 25 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
پولیس کے مطابق ایک لاکھ سے زائد لوگوں کو محفوظ مقام پر منتقل کیا جا چکا ہے۔ بھارت میں لگ بھگ 130 دریا ہیں۔ حکام کے مطابق ان سب دریاؤں میں پانی کی سطح بلند ہو رہی ہے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق بنگلہ دیش میں سیلاب کے سبب لاکھوں لوگ نقل مکانی پر مجبور ہوئے ہیں۔ مقامی حکام کے مطابق لگ بھگ 30 لاکھ لوگ اب تک متاثرہوئے ہیں۔
امدادی سرگرمیوں کے لیے متاثرہ علاقوں میں فوج بھی بھیجی گئی ہے۔ کئی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ بھی ہوئی ہے جس سے امدادی سرگرمیاں متاثر ہوئیں۔
بنگلہ دیش کے ساتھ بھارت کی ریاست آسام بھی شدید بارشوں کی زد میں ہے۔
جنوبی ایشیائی ممالک حالیہ برسوں میں شدید موسمی تغیرات کا شکار ہوئے ہیں۔
بھارتی ریاست آسام میں 17 افراد کی موت کی تصدیق کی گئی ہے۔ کئی علاقوں میں تعلیمی اداروں کو بطور پناہ گاہ استعمال کیا جا رہا ہے۔
ریاست آسام کے حکام کے مطابق پانچ دن تک بارش کے سبب لگ بھگ 18 لاکھ لوگ متاثر ہوئے ہیں۔
چین کے جنوبی علاقوں میں رواں برس مون سون میں شدید بارشیں ہو رہی ہیں، جس سے شہری علاقوں میں سیلابی کیفیت کا سامنا ہے جب کہ دیہاتی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
چین میں حکام نے سیکیورٹی اہلکاروں کو بھی امدادی سرگرمیوں کے لیے طلب کر لیا ہے۔
مقامی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق کم از کم سات ریاستوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات ہوئے ہیں جب کہ شدید بارشوں میں کئی مقامات پر اہم شاہراہیں بھی زیرِ آب آ گئی ہیں۔
چین میں کئی ڈیم بھر چکے ہیں جن سے پانی کا اخراج کیا جا رہا ہے۔