ہزاروں افراد کا 'فٹ بال کے کنگ' پیلے کو خراجِ عقیدت

برازیل کے شہر ساؤ پاؤلو میں فٹ بال کنگ پیلے کو ہزاروں افراد کی جانب سے خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔

  پیلے کی میت برازیل کے قومی پرچم میں لپیٹ کر ساؤ پاؤلو میں واقع ویلا بیلمیرو اسٹیڈیم میں دیدار کے لیے رکھی گئی ہے۔

مداحوں نے پیلے کے آخری دیدار کے لیے اسٹیڈیم کے باہر رات گزاری۔

منگل کو ان کی تدفین ایک قریبی قبرستان میں کرنے کی تیاریاں کی گئی ہیں جہاں مذہبی رسومات کے بعد انہیں دفنایا جائے گا۔

ہزاروں افراد نے ویلابیلمیرو اسٹیڈیم میں پیلے کی میت کے قریب سے گزرتے ہوئے ان سے اپنی عقیدت کا اظہار کیا۔

اسٹیڈیم کے باہر ہزاروں شائقین قطاروں میں لگے اپنی باری کے منتظر ہیں۔

پیلے فٹ بال کی دنیا کے واحد کھلاڑی تھے جو تین بار ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم کا حصہ رہے تھے۔

برازیل میں اکثر شہری پیلے کو ہی یہ اعزاز دیتے ہیں کہ ان کی وجہ سے دنیا میں ان کے ملک کو پہچان ملی۔

سانتوس فٹ بال کلب کی انتظامیہ کا کہنا تھا کہ لگ بھگ 1100 صحافی پیلے کی آخری رسومات کی کوریج   کے لیے موجود ہیں۔ 

 پیلے 82 برس کی عمر میں جمعرات کو چل بسے تھے۔

پیلے نے اپنا آخری فٹ بال میچ 45 برس قبل کھیلا تھا لیکن اب بھی برازیل میں ان کی اہمیت اور حیثیت کسی کہانی کے مرکزی کردار کی طرح برقرار ہے۔