امریکی کی شمال مشرقی اور وسط مغربی ریاستیں ان دنوں شدید سردی کی لپیٹ میں ہیں اور سردی کی حالیہ لہر جنوری کے پہلے ہفتے تک جاری رہنے کا امکان ہے۔
امریکہ کی 'نیشنل ویدر سروس' نے خبردار کیا ہے کہ سردی کی لہر سے متاثرہ علاقوں میں پورا ہفتہ درجہ حرارت دسمبر میں ریکارڈ کیے جانے والے معمول کے ٹیمپریچر سے کہیں کم رہے گا۔
کرسمس کے موقع پر آنے والے ایک طوفان سے امریکہ کی مشرقی ریاستوں میں شدید برف باری بھی ہوئی ہے۔
سب سے زیادہ برف باری ریاست پینسلوینیا میں ہوئی ہے جہاں کے شہر ایری میں پیر اور منگل کو 53 انچ تک برف پڑنے کے بعد ہنگامی حالت نافذ کردی گئی ہے۔
ماہرینِ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ شدید سرد موسم کے دوران امریکہ کے بیشتر حصے میں درجہء حرارت نقطۂ انجماد سے کہیں نیچے رہنے اور خطرناک حد تک سرد ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔
ویدر سروس نے شمالی ڈکوٹا اور وسکونسن کی پوری ریاستوں اور جنوبی ڈکوٹا، منی سوٹا، آئیووا، مشی گن اور انڈیانا کے بیشتر مقامات پر شدید سردی کا الرٹ جاری کیا ہے۔
ویدر سروس نے شمال مشرقی ریاستوں مین، ورمونٹ، نیو ہمپشر اور نیویارک کی ریاستوں میں شدید سرد ہوائیں چلنے کی بھی پیش گوئی کی ہے۔
ماہرینِ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ اگر ان سرد ہواؤں میں زیادہ دیر تک بدن کا کوئی حصہ کھلا رہا تو فراسٹ بائٹ کا اندیشہ ہے۔