اندرون لاہور کے 12 دروازوں کے مرکز 'چوک پانی والا تالاب' میں چوڑیوں کا ایک بڑا بازار ہے۔
لاہور سمیت صوبہ پنجاب کے مختلف علاقوں کے چوڑی فروش یہاں خریداری کے لیے آتے ہیں اور تھوک کے حساب سے رنگ برنگی ڈیزائن دار چوڑیاں خرید کر لے جاتے ہیں۔
عید سے قبل رمضان کے مہینے میں چوڑی فروشوں کا کاروبار چمک اٹھتا ہے۔
لاہور اسٹیل کی چوڑیاں بنانے کا مرکز ہے۔ لاہور میں بننے والی اسٹیل کی چوڑیاں پورے پاکستان میں سپلائی ہوتی ہیں۔
کانچ، شیشے اور پلاسٹک کی چوڑیاں یہاں حیدرآباد سے آتی ہیں جو خاص آرڈر پر بھی بنوائی جاتی ہیں۔
گزرتے وقت کے ساتھ چوڑیوں کے ڈیزائن میں بھی جدت آتی رہتی ہے۔
شادی بیاہ، عید اور دیگر تقریبات کی مناسبت سے الگ الگ ڈیزائن کی چوڑیاں یہاں دستیاب ہیں۔
مایوں کی رسم کے لیے گیندے کے مصنوعی پیلے اور سفید رنگ کے پھولوں سے تیار کردہ کڑے بھی بنائے جاتے ہیں۔
مہندی کی رسم کے لیے دلہن اور دیگر خواتین کے لیے گوٹے کے کام والی چوڑیوں اور کڑوں کی ڈیمانڈ بھی یہی مارکیٹ پوری کرتی ہے۔
مایوں اور مہندی کی مناسبت سے اب یہاں گوٹے کے جیولری سیٹ بھی فروخت کیے جاتے ہیں۔
اسی بازار سے بہت سی خواتین کا روزگار جڑا ہے۔ دُکان دار سادہ چوڑیاں لاہور اور گرد و نواح میں بسنے والی گھریلو خواتین کو پہنچاتے ہیں۔ یہ خواتین اُن پر موتی، نگینے اور دیگر سجاوٹی اشیا لگا کر چوڑیوں کو منفرد ڈیزائن دیتی ہیں۔
چوڑیوں کے ایک ڈبے کی قیمت 250 روپے سے لے کر پانچ سے 10 ہزار فی ڈبہ تک بھی ہے۔
ایک عام ڈبے میں ایک ہی ڈیزائن کی 12 درجن چوڑیاں ہوتی ہیں۔