کرسمس کی آمد: سانتا کلاز کا مشن شروع

سانتا کلاز مسیحی ثقافت کا ایک افسانوی کردار ہے جس کے متعلق مشہور ہے کہ وہ کرسمس کے موقع پر اچھے اور نیک بچوں کے لیے مختلف تحائف لے کر آتا ہے۔ اس روایت کو زندہ رکھنے کے لیے مختلف افراد سانتا کلاز کا روپ اختیار کر کے بچوں میں تحفے اور کھلونے تقسیم کرتے ہیں۔ زیرِ نظر تصویر میں امریکی شہر نیو یارک کے ٹائمز اسکوائر پر سانتا کلاز جمع ہیں۔

یہ ہیں برطانوی شہر لندن کے سانتا کلاز، جو وکٹوریہ پارک میں جمع ہیں۔ روایتی طور پر سانتا کلاز کرسمس سے ایک رات قبل بچوں میں چاکلیٹس، ٹافیاں، کھلونے اور دیگر تحفے بانٹتے ہیں۔ مسیحی روایت کے مطابق شریر بچوں کو سزا دینے کے لیے سانتا کلاز کا ایک ساتھی بھی ہے جس کا نام کرمپس ہے۔

یہ سانتا کلاز بھی برطانیہ سے تعلق رکھتے ہیں۔ روایتی طور پر دنیا بھر کے سانتا کلاز سرخ لباس میں ملبوس ہوتے ہیں اور ان کی داڑھی سفید رنگ کی ہوتی ہے۔ سانتا کلاز کے بارے میں یہ روایت بھی مشہور ہے کہ اس کے پاس بونوں کی ایک فوج موجود ہے جو سال بھر قطب شمالی میں موجود ایک گاؤں میں کھلونے تیار کرتی ہے۔
 

یہ بیلا روس کا سانتا کلاز ہے جو صبح کی دھوپ میں لوگوں کے ساتھ چہل قدمی کرتا نظر آ رہا ہے۔ 

 

بیلا روس کے دو سانتا کلاز ایک کشتی میں سوار ہیں۔ روایتاً سانتا کلاز قطب شمالی میں رہتا ہے لیکن اس کے گھر کا پتا دنیا میں کسی کو معلوم نہیں۔

بیلجئم کا سانتا کلاز ایک گھر میں سستا رہا ہے۔ قریب ہی موجود الماریوں میں چھوٹے سائز کے سانتا کلاز موجود ہیں جنہیں اس کی فوج بھی کہا جاتا ہے۔ روایات کے مطابق یہ فوج ہی بچوں کے لیے سارا سال کھلونے بناتی رہتی ہے۔ 

اٹلی کے شہر وینس میں رہنے والا سانتا کلاز سینٹ مارکس اسکوائر کے گرجا گھر کے قریب سیلابی پانی سے گزر رہا ہے۔ 

جاپان میں بھی کرسمس بہت جوش و خروش کے ساتھ منایا جاتا ہے اور وہاں کے شہری ہر سال سانتا کلاز بنتے اور بچوں میں تحفے تقسم کرتے ہیں۔

روم کا سانتا کلاز موٹر سائیکل پر سوار ہو کر شہر کی سیر پر نکلا ہے۔ ورنہ روایت یہ ہے کہ سانتا کلاز کے پاس اُڑنے والے آٹھ ہرن ہیں جو اس کی بگھی کو کرسمس کی رات اُڑاتے ہیں۔ 

پاکستان کے شہر لاہور کے ایک گرجا گھر میں موجود مسیحی برادری کے افراد دعائیہ تقریب میں شریک ہیں جب کہ انہی میں موجود سانتا کلاز اپنے کاندھے پر صلیب اٹھائے ہوئے ہے۔

روس کے شہر سینٹ پیٹرز برگ میں ایک کنسرٹ میں موجود موسیقار سانتا کلاز کے روپ میں پرفارم کر رہے ہیں۔ 
 

شمالی مقدونیہ کے شہری سانتا کلاز کا لباس زیب تن کیے سالانہ سٹی ریس کا حصہ ہیں۔

نیروبی، کینیا کے 56 سالہ سانتا کلاز زیڈیکیا میرارے کرسمس کے موقع پر ایک شاپنگ مال میں بچوں کے ساتھ موجود ہیں۔