امریکہ میں بدھ کی شب صدر کی رہائش گاہ وائٹ ہاؤس بھوت پریت کے تہوار ہالووین کے رنگ میں رنگ گئی۔ صدر بائیڈن اور خاتون اول جل بائیڈن نے وائٹ ہاؤس میں منعقد ہالووین کی تقریب کی میزبانی کی۔ جو بائیڈن کی وائٹ ہاؤس میں یہ آخری ہالووین کی تقریب ہے کیوں کہ پانچ دن بعد امریکہ میں صدارتی الیکشن ہیں جس میں ملک کے نئے صدر کا انتخاب ہوگا۔ ہالووین پر وائٹ ہاؤس کو خصوصی طور پر سجایا گیا اور وہاں دو بڑے کدو رکھے گئے تھے جن پر ہیبت ناک نقش بنے ہوئے تھے جب کہ بچوں کو چاکلیٹ اور ٹافیاں پیش کی گئیں۔ ہالووین سے متعلق روایت ہے کہ 31 اکتوبر کی شام خزاں ختم اور سردیوں کا آغاز ہو جاتا ہے، موسموں کی اس تبدیلی کی رات روحیں ان جگہوں پر واپس آتی ہیں جہاں وہ کبھی زندہ انسانوں کی شکل میں رہا کرتی تھیں۔ روحوں کی خوشنودی کے لیے میٹھے پکوان بھی تقسیم کیے جاتے تھے۔