بھارت کے دارالحکومت دہلی کی اسمبلی کے الیکشن میں بدھ کو ووٹ ڈالے گئے ہیں۔ دہلی وفاق کے زیر انتظام علاقہ ہے جس کی اپنی قانون ساز اسمبلی اور وزیرِ اعلیٰ ہیں۔ دہلی اسمبلی میں کل 70 نشستیں ہیں۔ اس وقت دہلی میں عام آدمی پارٹی کی حکومت ہے اور انتخابات میں اس کی پوزیشن مضبوط بتائی جاتی ہے۔ عام آدمی پارٹی کے مقابلے میں اپوزیشن جماعتیں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اور کانگریس ہیں۔ لیکن تجزیہ کاروں کے مطابق اصل مقابلہ عام آدمی پارٹی اور بی جے پی کے درمیان ہے۔2020 کے انتخابات میں عام آدمی پارٹی نے 62 اور 2015 میں 67 نشستوں پر کامیابی حاصل کی تھی اور بی جے پی کو بالترتیب آٹھ اور تین نشستیں ملی تھیں۔ کانگریس دہلی کے گزشتہ دو انتخابات میں ایک بھی سیٹ حاصل نہیں کر سکی تھی۔ دہلی میں مجموعی طور پر ڈیڑھ کروڑ ووٹرز ہیں اور امیدواروں کی تعداد 699 ہے۔ انتخابات میں ڈالے گئے ووٹوں کی گنتی آٹھ فروری کو ہو گی جس کے بعد نتائج کا اعلان کیا جائے گا۔