بھارت میں ان دنوں دنیا کا سب سے بڑا لاک ڈاؤن جاری ہے۔ اس کی ایک ارب 30 کروڑ سے زائد آبادی گھروں میں قید ہے۔ لاک ڈاؤن کے سبب سب سے زیادہ پریشانی ان افراد کو ہے جو کچی آبادیوں میں رہتے ہیں یا بے گھر ہیں۔ ایسے افراد کی تعداد بھی کروڑوں میں ہے۔ انہیں سخت اور مشکل ترین مسائل کا سامنا ہے۔
بھارت میں دنیا کا سب سے بڑا لاک ڈاؤن

1
بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے 24 مارچ کو قوم سے خطاب میں کہا تھا کہ ہر ریاست، ہر ضلع، ہر گلی اور ہر گاؤں تین ہفتوں کے لیے بند کیا جا رہا ہے۔ لاک ڈاؤن 21 دن تک جاری رہے گا۔ اگر ان 21 دن میں احتیاط نہ کی گئی تو ملک اور عوام 21 سال پیچھے چلیں جائیں گے۔ یہ اعلان ممبئی کی ایک کچی بستی میں رہنے والی مینا رمیش نے بھی ٹی وی پر سنا تھا لیکن اسے اس بات کا اندازہ نہیں تھا کہ آنے والے دن اس کے لیے کس قدر سخت ہوں گے۔

2
بھارتی عوام کو 21 دن کے لاک ڈاؤن کے لیے صرف 4 گھنٹے کا موقع دیا تھا جس کے بعد لاک ڈاؤن شروع ہوگیا۔ اس لاک ڈاؤن کے خاتمے سے پہلے ہی اس میں 3 مئی تک توسیع کر دی گئی۔ اس سے انتہائی غریب آبادی کے لیے بیک وقت کئی مسائل کھڑے ہوگئے۔ مینا اور اس کا خاندان ایسے افراد میں شامل ہے جن کی یومیہ آمدنی دو ڈالرز (150 ہندوستانی روپے) کے مساوی بھی نہیں۔

3
مینا اور اس کے خاندان کے پانچ افراد کے لیے 6 بائی 9 فٹ کے کمرے میں ساتھ رہنا، جن کے پاس کوئی کام نہیں، کسی قید سے کم نہیں۔

4
مینا کا ایک بیٹا رہتک رمیش اس کے لیے خوشیوں کا باعث اور بڑھاپے کا واحد سہارا ہے۔ دن بھر ممبئی کی سڑکوں پر اپنے شوہر کے ہمراہ پلاسٹک کی سستی بالٹیاں اور ٹوکریاں فروخت کرکے جب وہ گھر واپس آتی تھی تو رہتک کی صرف ایک مسکراہٹ اس کی ساری تھکن دور کردیا کرتی تھی مگر اب کرونا کے سبب وہ گھر سے باہر نہیں نکل سکتی۔