روس کی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ یوکرین نے منگل کو علی الصباح دارالحکومت ماسکو سمیت 10 مختلف مقامات پر 300 سے زائد ڈرون حملے کیے ہیں۔ حکام کے مطابق ڈرون حملوں کے نتیجے میں دو افراد ہلاک اور 10 سے زیادہ زخمی ہوگئے ہیں۔ یوکرین کا ڈرون حملوں پر کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔ روس اور یوکرین کے درمیان گزشتہ تین برس سے جاری لڑائی کو روکنے کے لیے سعودی عرب کی میزبانی میں منگل کو یوکرینی اور امریکی حکام کے درمیان مذاکرات ہوں گے۔ اس جنگ کے دوران ہزاروں افراد کی اموات ہوئی ہیں جب کہ یوکرین میں بڑی تعداد میں آبادی کو نقل مکانی پر مجبور ہونا پڑا ہے۔