رسائی کے لنکس

سعودی عرب چاند نظر نہیں آیا، پہلا روزہ اتوار کو ہوگا


انڈونیشیا، ملائشیا اور عمان میں بھی آج رمضان کا چاند نظر نہیں آیا۔ اس لئے وہاں بھی پہلا روزہ اتوار 29 جون کو ہوگا۔ ادھر، پاکستان کے محکمہٴموسمیات کا کہنا ہے کہ ملک میں پیر کو پہلا روزہ ہونے کا امکان ہے، کیوں کہ ہفتے کو چاند نظر آنے کے امکانات کم ہیں

سعودی عرب اور بیشتر خلیجی ریاستوں میں جمعہ کو رمضان کا چاند نظر نہیں آیا۔ لہذا، وہاں پہلاروزہ اتوار 29جون کو ہوگا۔ رمضان کا چاند دیکھنے کے لئے سعودی اعلیٰ عدالتی کونسل کا اجلاس دارالحکومت ریاض میں ہوا، جس میں کونسل کے ارکان نے شرکت کی جسے ملک کے کسی بھی حصے سے رمضان کا چاند نظر آنے کی کوئی شہادت نہیں ملی۔

سعودی عرب کے ساتھ ساتھ فلسطین، مصر، متحدہ عرب امارات، لبنان، یمن اور اردن سمیت دیگر خلیجی ممالک میں بھی رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس ہوئے۔

ادھر عرب ٹی وی چینلز نے خبر دی ہے کہ انڈونیشیا، ملائشیا اور عمان میں بھی آج رمضان کا چاند نظر نہیں آیا اس لئے وہاں بھی پہلا روزہ اتوار، 29جون کو ہوگا۔

تینتیس سال بعد گرم ترین رمضان
سعودی عرب میں 1982ء کے بعد سے اب تک کا یہ گرم ترین رمضان ہوگا۔ سعودی اخبار 'الحیاة' نے ماہرین فلکیات کے حوالے سے بتایا ہے کہ اس بار پور ے مہینے درجہ حرارت غیر معمولی طور پر زیادہ رہے گا، جس سے موسم گرم ترین اور خشک رہے گا۔

درجہ حرارت 54 ڈگری سینٹی گریڈ
سعودی ماہر فلکیات ڈاکٹر خالد صالح الزعاق نے اخبار کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ ماہ رمضان میں درجہ حرارت 54 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔ ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ گرمی کی شدت سعودی عرب کے علاوہ خط استویٰ کے شمال کی طرف واقع تمام ممالک میں غیر معمولی رہنے کا امکان ہے۔

ڈاکٹر الزعاق کا یہ بھی کہنا ہے کہ ہجری مہینوں کا ایک چکر 33 سال میں مکمل ہوتا ہے۔ اب سے قبل 1982 میں گرم ترین موسم ریکارڈ کیا گیا تھا۔ آئندہ 33سال بعد، یعنی 2047ء میں پھر موسم گرم ترین ہوگا۔ ان کے بقول، یہ فطری نظام اور قدرتی عمل ہے۔

پاکستان میں بھی ہفتے کو چاند نظر نہ آنے کا امکان
پاکستان میں رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس ہفتے کو کراچی میں ہوگا۔ تاہم، چیف میٹرولوجسٹ محکمہ موسمیات، محمد ریاض کا کہنا ہے کہ ملک میں پیر کو پہلا روزہ ہونے کا امکان ہے، کیوں کہ ہفتہ28جون کو چاند نظر آنے کے امکانات کم ہیں۔

ان کے مطابق، ہفتے کو چاند کی عمر 30گھنٹے43منٹ ہوگی جبکہ آج یعنی جمعہ کی دوپہر ایک بج کر 8منٹ پر رمضان کے چاند کا وجود تشکیل پایا ہے۔ اس لئے ہفتے کو اس کے نظر آنے کے امکانات کم ہوں گے۔ ہفتے کو ویسے بھی ملک کے زیادہ تر علاقوں میں بادل چھائے رہیں گے۔ تاہم، ساحلی علاقوں میں مطلع صاف ہوگا۔

XS
SM
MD
LG