رسائی کے لنکس

مشرقی یوکرین میں ریفرنڈم ملتوی کیا جائے: پُوٹن


روسی صدر نے یہ بھی کہا ہے کہ یوکرین میں رواں ماہ 25 تاریخ کو ہونے والے انتخابات درست سمت کی جانب ایک نیا قدم ہوگا

رُوسی صدر ولادی میر پُوٹن نے یوکرین میں رُوس نواز علیحدگی پسندوں سے کہا ہے کہ وہ مشرقی یوکرین میں ریفرنڈم کا ارادہ ملتوی کردیں۔ رُوسی صدر کا یہ بھی کہنا تھا کہ روس نے یوکرین کی سرحد سے اپنی فوج ہٹا لی ہے۔

صدر پُوٹن کے بیان کو یوکرین میں جاری بحران کے حل کے لیے راہ استوار کرنے کی ایک کوشش کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

دوسری جانب، یوکرین میں رُوس نواز علیحدگی پسندوں کا کہنا ہے کہ وہ روسی صدر پُوٹن کی بہت قدر کرتے ہیں اور وہ جمعرات کو باہمی مشاورت کے بعد اس بات کا فیصلہ کریں گے کہ اتوار کے روز طے شدہ پروگرام کے مطابق ریفرنڈم کا انعقاد کیا جائے، یا پھر، ریفرنڈم ملتوی کر دیا جائے۔

رُوسی صدر کا یہ بھی کہنا ہے کہ روسی فوج جسے یوکرین کے بحران کے دوران سرحد پر تعینات کیا گیا تھا، یورپی یونین، نیٹو اور امریکہ کے ساتھ تنازعے کا باعث بنی، اور اب اسے واپس بلا لیا گیا ہے۔

صدر پُوٹن کے بقول، ’ہمیں ہمیشہ یہی بتایا گیا کہ یوکرین کے ساتھ سرحد پر ہماری فوج تشویش کا سبب بنی ہے۔ ہم نے اپنی فوج وہاں سے ہٹا لی ہے۔ اب وہ یوکرین کی سرحد کی بجائے اپنے معمول کی ٹریننگ کر رہی ہیں‘۔

روسی صدر کا یہ بھی کہا ہے کہ یوکرین میں رواں ماہ کی 25 تاریخ کو ہونے والے انتخابات درست سمت کی جانب ایک نیا قدم ہوگا۔

روسی صدر کی جانب سے یہ بیان یورپ کی سیکورٹی اور باہمی تعاون سے متعلق تنظیم کے سربراہ سے ملاقات کے بعد سامنے آیا ہے۔
XS
SM
MD
LG