رسائی کے لنکس

برطانیہ: دو پاکستانی نژاد سیاست دانوں کے لیے قومی اعزاز


لیبر جماعت سے تعلق رکھنے والے رکن پارلیمنٹ صادق خان نے برطانیہ کے' پیپلز چوائس ایم پی آف دا ائیر 2015 ' کا ٹاپ اعزاز جیتا ہے جبکہ قدامت پسند جماعت سے تعلق رکھنے والے رکن پارلیمنٹ رحمن چشتی نے 'کنزرویٹیو پارٹی پیپلز چوائس آف دا ائیر 2015 ' کا اعزاز حاصل کیا ہے۔

برطانوی پارلیمان ہاؤس آف کامنز کے دو پاکستانی نژاد برطانوی سیاست دان صادق خان اور رحمان چشتی کو حال ہی میں کمیونٹی مشغولیت کے لیے ان کی خدمات کے اعتراف میں برطانیہ کے قومی اعزاز سے نوازا گیا ہے۔

لیبر جماعت سے تعلق رکھنے والے رکن پارلیمنٹ صادق خان نے برطانیہ کے 'پیپلز چوائس ایم پی آف دا ائیر 2015' کا ٹاپ اعزاز جیتا ہے جبکہ قدامت پسند جماعت سے تعلق رکھنے والے رکن پارلیمنٹ رحمٰن چشتی نے 'کنزرویٹیو پارٹی پیپلز چوائس آف دا ائیر 2015' کا اعزاز حاصل کیا ہے۔

پیچ ورک فاونڈیشن کی سالانہ تقریب کے موقع پر ہاؤس آف کامنز کے اسپیکر جناب جان برکاؤ نےایم پی آف دا ائیر کے ناموں کا اعلان کیا۔

ٹاپ ایوارڈز کے زمرے 'اوور آل پیپلز چوائس ایم پی آف دا ائیر' کا فاتح لندن کے ٹوٹنگ بارو کے رکن پارلیمنٹ صادق خان کو قرار دیا گیا۔

کنزرویٹیو جماعت سے تعلق رکھنے والے رکن پارلیمنٹ رحمٰن چشتی کو کنزرویٹیو پارٹی کے پیپلز چوائس ایم پی آف دا ائیر کے زمرے کا فاتح قرار دیا گیا۔

پیچ ورک فاونڈیشن کا سالانہ ایوارڈ ایسے ارکان پارلیمنٹ کو دیا جاتا ہے جو اپنے حلقے میں کمیونٹی مشغولیت کے فروغ کے لیے کام کرتے ہیں۔

اس ایوارڈ کے لیے امیدواروں کی نامزدگی افراد یا عوامی سطح کی کمیونٹی تنظیموں کی جانب سے کی جاتی ہے، جس کے بعد غیر جانبدار ججز کے پینل کی طرف سے فاتح ارکان پارلیمنٹ کا انتخاب کیا جاتا ہے۔

اس برس مجموعی طور پر 60 سے زائد ارکان پارلیمنٹ کو ملک بھر سے نامزد کیا گیا تھا جن میں مختلف مذہبی گروہوں اور نسلی پس منظر رکھنے والے ارکان پارلیمنٹ شامل تھے جبکہ ان ارکان کو پانچ زمروں کے معیار پر پرکھا گیا۔

36 سالہ ایم پی رحمٰن چشتی لندن کے بارو گنگھم اینڈ رین ہیم کے لیے 2010ء میں رکن پارلیمنٹ منتخب ہوئے تھے جبکہ 'نیو اسٹیٹس مین' کی فہرست میں ان کا نام 40 برس سے کم عمر 20 ارکان پارلیمنٹ کے ساتھ شامل ہے، جو نئی نسل کے لیڈرز میں سے ہیں اور مستقبل میں برطانوی وزیر اعظم بننے کی صلاحیت رکھتے ہیں ۔

ٹیلی گراف اخبار نے اپنے ایک تجزیے میں انھیں کنزرویٹیو جماعت کا ابھرتا ہوا ستارہ کہا ہے ۔ جبکہ ان کا نام پارلیمنٹ میں زیادہ بار خطاب کرنے والے رکن پارلیمنٹ کی فہرست میں بھی شامل ہے۔

گزشتہ دنوں برطانیہ میں پاکستانی سفارت خانے کی جانب سے ایم پی رحمٰن چشتی کے اعزاز میں ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا۔

اس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستانی ہائی کمشنر سید ابن عباس نے یہ اعزاز ملنے پر ایم پی رحمٰن چشتی کو مبارکباد پیش کی اور انھیں برطانوی نئی نسل کے لیے ایک رول ماڈل قرار دیا۔

اس سال مئی میں ہونے والے لندن میئر کے انتخابات کے لیے رکن پارلیمنٹ صادق خان کو ان کی جماعت کی طرف سے میئر آف لندن کے لیے امیدوار منتخب کیا گیا ہے جبکہ برطانیہ کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہو گا جب ایک مسلمان امیدوار دارالحکومت لندن کے میئر کا انتخاب لڑے گا۔

XS
SM
MD
LG