رسائی کے لنکس

ملالہ یوسفزئی لبرٹی میڈل 2014 کی حق دار


لبرٹی میڈل کے ساتھ انعام کے طور پر ایک لاکھ ڈالر کی رقم بھی دی جاتی ہے جس کے بارے میں ملالہ کا کہنا تھا کہ وہ یہ رقم پاکستان میں تعلیم اور دیگر امدادی کوششوں کے لیے عطیہ کریں گی۔

دنیا کی کم عمر ترین نوبیل انعام یافتہ پاکستانی طالبہ ملالہ یوسفزئی نے امریکہ کے "لبرٹی میڈل" کی شکل میں ایک اور باوقار اعزاز حاصل کیا ہے۔

یہ میڈل ہر سال ایسی شخصیت کو دیا جاتا ہے جو " آزادی کی نعمت کے تحفظ کے لیے بے حد کوشش کرتی ہے۔"

فلاڈیلفیا میں ہونے والی ایک تقریب میں یہ میڈل وصول کرتے ہوئے 17 سالہ ملالہ یوسفزئی نے ایک بار پھر دنیا میں امن اور تعلیم کے لیے اپنے عزم کو دہرایا۔

"کوئی لڑکی، کوئی بچہ، دنیا میں کہیں بھی ہو وہ تعلیم سے محروم نہیں رہنا چاہیئے۔"

لبرٹی میڈل کے ساتھ انعام کے طور پر ایک لاکھ ڈالر کی رقم بھی دی جاتی ہے جس کے بارے میں ملالہ کا کہنا تھا کہ وہ یہ رقم پاکستان میں تعلیم اور دیگر امدادی کوششوں کے لیے عطیہ کریں گی۔

دو ہفتے قبل ہی ملالہ یوسفزئی کے لیے امن کے نوبیل انعام 2014ء کا اعلان کیا گیا تھا۔ اس سال یہ انعام مشترکہ طور پر دو شخصیات کے حصے میں آیا۔ دوسری شخصیت بھارت سے تعلق رکھنے والے بچوں کے حقوق کے لیے کام کرنے والے کیلاش ستیارتھی ہیں۔

ان دونوں کو یہ ایوارڈ دسمبر میں اوسلو میں ہونے والی ایک تقریب میں دیا جائے گا۔

ملالہ یوسفزئی کو سوات میں 2012ء میں طالبان شدت پسندوں نے اس وقت فائرنگ کر کے شدید زخمی کر دیا تھا جب وہ اسکول سے اپنے گھر واپس جا رہی تھیں۔

پاکستان میں ابتدائی علاج کے بعد انھیں برطانیہ منتقل کر دیا گیا جہاں صحت یاب ہو کر ملالہ اب وہیں مقیم ہیں اور اپنی تعلیم کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔

XS
SM
MD
LG