بھارت کے وزیرِ اعظم نریندر مودی ان دنوں امریکہ کے تین روزہ دورے پر ہیں۔ انہوں نے اتوار کو ریاست نیویارک کے لانگ آئی لینڈ پر ثقافتی تقریب سے خطاب کیا۔ اس تقریب میں لگ بھگ 13 ہزار افراد شریک تھے۔ تقریب میں انہوں نے امریکہ کا 300 نوادرات کی واپسی پر شکریہ ادا کیا۔ خطاب میں مودی کا کہنا تھا کہ سال 2024 بہت اہم ہے۔ ایک جانب دنیا کے کئی ممالک کے درمیان تنازعات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ تو دوسری جانب کئی ممالک میں جمہوریت کا جشن منایا جا رہا ہے۔ ان کے بقول بھارت اور امریکہ دونوں ممالک جمہوریت کا جشن منا رہے ہیں۔ مودی نے ایک دن قبل ہفتے کو نیویارک میں کواڈ اجلاس میں شرکت کی تھی جس کے میزبان امریکہ کے صدر جو بائیڈن تھے۔ اس اجلاس میں آسٹریلیا کے وزیرِ اعظم انتھونی البانیز اور جاپان کے وزیرِ اعظم کشیدا فومیو نے بھی شرکت کی تھی۔ پیر کو ممکنہ طور پر نریندر مودی اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے آغاز سے قبل ہونے والے سمٹ میں شریک ہوں گے۔