پاکستان کی میزبانی میں لگ بھگ تین دہائیوں بعد بدھ کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں چیمپئنز ٹرافی کا باقاعدہ آغاز ہو گیا ہے۔ ایونٹ کا افتتاحی میچ دفاعی چیمپئن پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلا جا رہا ہے جسے دیکھنے کے لیے شائقین کی بڑی تعداد اسٹیڈیم پہنچی ہے۔ صدرِ پاکستان آصف علی زرداری بطور مہمانِ خصوصی افتتاحی میچ دیکھنے نیشنل اسٹیڈیم آئے۔ پاکستان نے اس سے قبل آخری مرتبہ 1996 کے آئی سی سی ورلڈ کپ کی میزبانی کی تھی جو مشترکہ طور پر پاکستان، بھارت اور سری لنکا میں کھیلا گیا تھا۔