اقوامِ متحدہ نے جنگ زدہ غزہ کے 64 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو وائرس سے بچاؤ کی ویکسین پلانے کی مہم شروع کر دی ہے۔ یہ مہم غزہ کے محکمۂ صحت کے تعاون سے چلائی جائے گی جس میں ڈھائی ہزار سے زائد طبی رضا کار شریک ہوں گے۔ اسرائیلی فوج اور حماس کے درمیان مخصوص علاقوں میں آٹھ گھنٹے کی جنگ بندی کے دوران ویکسی نیشن کی جائے گی۔ حکام نے گزشتہ ہفتے غزہ میں 25 سال بعد پولیو کے پہلے کیس کی تصدیق کی تھی۔ عالمی ادارۂ صحت کے مطابق غزہ کے 90 فی صد بچوں کو چار ہفتے کے وقفے سے پولیو ویکسین کی دو خوراکیں دینا ضروری ہیں۔ تاہم تقریباً 11 ماہ سے جاری جنگ سے تباہ حال غزہ کی پٹی میں ویکسین کی فراہمی میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔