پنجاب سے براستہ مری اگر خیبر پختونخوا کا سفر کیا جائے تو گلیات کا سیاحتی مقام آتا ہے۔ جس کے خوبصورت پہاڑوں پر بل کھاتے راستے سیاحوں کو اس سرسبز وادی میں قدرتی خوب صورتی دکھاتے ہیں۔ ایک طرف اونچے پہاڑ اور دوسری طرف گہری کھائی کے درمیان سڑک کے کنارے چند ایسے دکان دار بھی دکھائی دیتے ہیں جو قدرتی منظر کے درمیان مختلف رنگوں کی اشیا جیسے شالیں، چھتریاں، ٹوپیاں، ہیٹس اور قالین فروخت کرتے دکھائی دیتے ہیں۔
گلیات کی بل کھاتی سڑکوں پر رنگ برنگی عارضی دکانیں

1
موسم بہار اور گرمی کی چھٹیوں میں زیادہ تر سیاح ان ٹھنڈے علاقوں کا رُخ کرتے ہیں۔ اسی سیزن میں کمانے کی غرض سے بیشتر دکان دار خیبر پختونخوا اور جنوبی پنجاب سے خاص طور پر یہاں آتے ہیں۔

2
ان دکان داروں کی طرف سے سیاحوں کو متوجہ کرنے کے لیے اشیا کو اس طرح سے سجایا جاتا ہے کہ سیاح ہر گزرتے موڑ پر سجائی گئی عارضی دکان پر پڑاؤ پر مجبور ہو جاتے ہیں۔

3
کہیں پہاڑوں کے اطراف شالیں اور رنگین دوپٹے تاروں پر لٹکے دکھائی دیتے ہیں تو کہیں موسم کی مناسبت سے رنگ برنگی چھتریاں سجی دکھائی دیتی ہیں۔

4
قالین، رہائشی ٹینٹ اور بہت سی اشیا سیاحوں کی توجہ اپنی جانب کھینچتی ہیں اور منزل پر پہنچنے سے پہلے ہی خریداری کا سلسلہ شروع ہو جاتا ہے۔