بھارت کے زیرِ انتظام کشمیر میں منگل سے وادی کے مختلف حصوں میں کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے۔ یہ اقدام ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب ایک روز بعد بدھ کو بھارتی کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت کے خاتمے کا ایک سال مکمل ہو رہا ہے۔
بھارتی کشمیر میں دو دن کے لیے کرفیو نافذ

سول ایڈمنسٹریٹر شاہد اقبال کے مطابق ایسی کئی اطلاعات موصول ہوئی ہیں کہ پانچ اگست کو کسی پر تشدد کارروائی یا مظاہروں کے امکان کو رد نہیں کیا جا سکتا۔

پانچ اگست کو بھارت کے زیرِ انتظام کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت کے خاتمے کا ایک سال مکمل ہو رہا ہے۔ گزشتہ سال اسی دن بھارتی حکومت نے آئین کے آرٹیکل 370 اور 35 اے کو منسوخ کرنے کا اعلان کیا تھا۔ بھارتی آئین کی ان شقوں کے تحت کشمیر کو خصوصی حیثیت حاصل تھی۔

بھارتی حکومت نے آرٹیکل 370 اور 35 اے کے خاتمے کے بعد ریاست جموں و کشمیر کو دو حصوں میں تقسیم کر کے وفاق کے زیرِ انتظام علاقوں کا درجہ دے دیا تھا۔ بھارتی حکومت کا مؤقف رہا ہے کہ یہ اقدامات وہ کشمیریوں کی زندگیاں بہتر بنانے کے لیے کر رہی ہے۔

اس اقدام سے قبل بھارتی حکومت نے پانچ اگست کو ہی کشمیر میں سخت کرفیو نافذ کیا تھا۔ لاک ڈاؤن اور کرفیو کی سخت پابندیاں بھارت کے زیرِ انتظام کشمیر میں کئی مہینوں تک جاری رہی تھیں۔