امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ہزاروں حامیوں نے بدھ کو کانگریس کی عمارت کیپٹل ہل کمپلکس پر چڑھائی کر دی۔ مظاہرین نے عمارت کے اندر گھس کر توڑ پھوڑ کی اور قانون سازوں کو ان کے چیمبروں میں محصور کر دیا۔ مظاہرین نو منتخب صدر جو بائیڈن کی جیت کے خلاف سراپا احتجاج ہیں۔ صدر ٹرمپ کے حامیوں کی جانب سے کیپٹل ہل میں ہنگامہ آرائی کے بعد دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی میں رات کا کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے اور نیشنل گارڈز بھی متحرک ہو گئے ہیں۔
تصاویر: صدر ٹرمپ کے حامیوں کی کیپٹل ہل پر چڑھائی

1
صدر ٹرمپ کے حامیوں نے بدھ کو کیپٹل ہل کی عمارت پر تعینات پولیس کی رکاوٹوں کو عبور کیا اور عمارت کے اندر داخل ہو کر نعرے بازی کی۔

2
پر تشدد مظاہرین نے کانگریس کی عمارت کے اندر توڑ پھوڑ بھی کی جب کہ فائرنگ کے نتیجے میں ایک خاتون بھی ہلاک ہوئی۔

3
کیپیٹل ہل پر چڑھائی کا واقعہ امریکی سینیٹ کے مشترکہ اجلاس کے دوران پیش آیا۔ اجلاس میں صدارتی انتخابات کے دوران بعض ریاستوں کے نتیجے پر اٹھنے والے اعتراضات پر بحث سمیت نو منتخب صدر جو بائیڈن اور نائب صدر کاملا ہیرس کی فتح کی توثیق کی جانی تھی۔

4
صدر ٹرمپ نے واشنگٹن ڈی سی میں اپنے حامیوں سے خطاب کیا جس کے بعد مجمع میں سے ایک بڑے گروپ نے کیپٹل ہل کی طرف مارچ کا آغاز کیا۔