رسائی کے لنکس

گیارہ سالہ غیر معمولی ذہین بچہ مینسا کا رکن بن گیا


مشرقی لندن میں الفرڈ کے علاقے میں رہنے والے دھرو تلتی نے مینسا کے آئی کیو ٹیسٹ میں اب تک سب سے اعلیٰ اسکور حاصل کیا ہے۔

لندن سے تعلق رکھنے والا ایک گیارہ سالہ بچہ دنیا کے غیر معمولی ذہین افراد کی تنظیم مینسا کا نیا رکن بن گیا ہے۔

پرائمری اسکول کے طالب علم دھرو تلتی نے آئی کیو ٹیسٹ میں غیر معمولی اسکور حاصل کیا ہے اور اپنی ذہانت کی بنیاد پر دنیا کے ذہین ترین افراد کے کلب مینسا کی رکنیت حاصل کر لی ہے۔

دھرو تلتی کا آئی کیو بیسیویں صدی کے طبیعات دان آئن اسٹائن، نامور برطانوی سائنس دان اسٹیفن ہاکنگ اور انسان دوست شخصیت بل گیٹس سے دو پوائنٹس زیادہ ہے۔

مشرقی لندن میں الفرڈ کے علاقے میں رہنے والے دھرو تلتی نے مینسا کے آئی کیو ٹیسٹ میں اب تک سب سے اعلیٰ اسکور حاصل کیا ہے۔

اس نے گزشتہ ماہ آئی کیو سوسائٹی کا کیٹل بی ٹیسٹ دیا تھا اور ذہانت کی جانچ کے امتحان میں ممکنہ 162 کا ٹاپ اسکور حاصل کیا ہے جو ذہین ترین افراد کی تنظیم مینسا کی رکنیت حاصل کرنے والوں میں سے صرف ایک فیصد کا اسکور ہے۔

دھرو تلتی فل وڈ پرائمری اسکول کے طالب علم ہیں انھوں نے اخبار "سن" کو بتایا کہ آئی کیو ٹیسٹ اتنا زیادہ مشکل نہیں تھا لیکن اسے وقت پر مکمل کرنا ضرور ایک چیلنج تھا۔

پرائمری اسکول کے بچے آئی کیو ٹیسٹ میں 150 پیچیدہ سوالات کو حل کرتے ہیں جو اصل میں زبانی مہارت اور منطق استعمال کرنے کا امتحان ہے جس میں متن کے حصوں کے ذریعے بچوں کی ذہانت کی جانچ کی جاتی ہے۔

مینسا کے ٹیسٹ میں بالغ افراد کے لیے ممکنہ اعلیٰ ترین اسکور 161 پوائنٹس ہے جبکہ بچوں کے لیے ممکنہ اعلی اسکور 162 پوائنٹس ہے۔

مینسا کے مطابق عام طور پر ایک عام شخص کا آئی کیو 70 سے 100 کے قریب ہوتا ہے جبکہ اس ٹیسٹ میں 140 اسکور حاصل کرنے والوں کو جینئس کے زمرے میں شامل کیا جاتا ہے۔

XS
SM
MD
LG